آزادکشمیرکی پارلیمانی پارٹی کااجلاس طلب،اہم فیصلے متوقع

آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس کل زرداری ہاؤس میں طلب،اہم فیصلے متوقع

 

اسلام آباد (کشمیر ایکسپریس نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی اور حال ہی میں شامل ہونے والے سیاسی رہنماؤں کا اہم اجلاس کل، 4 جولائی کو شام 6 بجے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں طلب کر لیا گیا ہے۔ اجلاس کی صدارت پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے پارلیمانی لیڈر اور سابق وزیر اعظم و صدر آزاد کشمیر حاجی محمد یعقوب کریں گے۔

 

ذرائع کے مطابق اجلاس میں پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی سیاسی انچارج محترمہ فریال تالپور آن لائن شرکت کریں گی۔ تمام ممبران اسمبلی کو اجلاس میں شرکت کی اطلاع دے دی گئی ہے۔

 

اجلاس میں پارٹی میں حالیہ شمولیت اختیار کرنے والے رہنماؤں اور ارکانِ اسمبلی کو بطور خاص مدعو کیا گیا ہے، جب کہ سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کو بھی خصوصی دعوت دی گئی ہے۔

 

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں آزاد کشمیر کی بدلتی ہوئی سیاسی صورتحال، پارٹی کی حکمت عملی، اور مزید ارکانِ اسمبلی کی شمولیت کے امکانات پر غور کیا جائے گا۔ یہ بھی متوقع ہے کہ اجلاس کے دوران مزید اہم سیاسی شخصیات پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کریں گی۔

 

اجلاس کے دوران نئے شامل ہونے والے رہنماؤں کو باضابطہ خوش آمدید بھی کہا جائے گا۔

Comments are closed.