4ارکان اسمبلی کیخلاف نااہلی ریفرنس دائر

پیپلز پارٹی میں شمولیت، 4 ارکان اسمبلی کیخلاف نااہلی ریفرنس دائر

مظفر آباد(کشمیر ایکسپریس نیوز)پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر نے مسلم لیگ نواز اور پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے منخرفین کے خلاف نااہلی ریفرنس اسپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر کے پاس جمع کروا دی ،

 

صدر پی ٹی آئی آزاد کشمیر کی جانب سے نااہلی ریفرنس جنرل سیکرٹری میر عتیق الرحمن ، سینئر نائب صدر میاں شفیق جھاگوی و دیگر قائدین نے جمع کروایا۔

 

صدر پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے خواجہ انصر ایڈووکیٹ ، وحید اعوان ایڈووکیٹ ، مطیب ایڈووکیٹ ، یاسر مغل ایڈووکیٹ و دیگر سینیر وکلا کے ذریعے ریفرنس دائر کیا۔پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر نے پہلے مرحلے میں ممبران اسمبلی چوہدری رفیق نئیر ، اکمل سرگالہ ، جاوید بٹ اور علی شان سونی کے خلاف دائر کیا ہے اور ریفرنس ممبران اسمبلی کی نااہلی کی استدعا کی گئی ہے۔

 

ریفرنس عبوری آئین کے آرٹیکل 25 (1-A)(2) کے تحت دائر کیا گیا اور اسپیکر اسمبلی سے الیکشن کمیشن کو ریفرنس بھجنی کی استدعا کی گئی۔ صدت پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر و سابق وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وقت آگیا ہےکہ لوٹا کریسی ، وفاداریاں بدلنے کی سیاست کو دفن کیا جائے ، آج آزاد کشمیر میں ضمیر خریدے اور بیچے جا رہے ہیں جس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی ،

 

پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نواز نے آزاد کشمیر کو اتنا داغ دار کر دیا جس کی مثال نہیں ملتی ، عوام اٹھ کھڑے ہوں ، وفاداریاں بدلنے کی سیاست کے خاتمے کیلئے بھرپور تیاری کریں اور آئندہ الیکشن میں ان کا کڑا احتساب کریں تاکہ آئندہ کوئی شخص کشمیریوں کے نام پر دھبہ نہ لگا سکے ۔

 

آزاد کشمیر تحریک آزادی کا بیس کیمپ تھا لیکن افسوس اسے اقتدار کا ریس کیمپ بنا دیا گیا۔ 2021 کا الیکشن عوام نے مینڈیٹ عمران خان کو دیا لیلن افسوس اسے راتوں رات بدلا گیا ، اب منخرفین کو پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں شامل کرنے کا کھیل کھیل کر سیاست کو تباہ کر دیا گیا۔

Comments are closed.