حکومت کی عوامی ایکشن کمیٹی کو مذاکرات کی دوبارہ دعوت

وزیر بلدیات فیصل ممتاز راٹھور کی عوامی ایکشن کمیٹی کو مذاکرات کی دوبارہ دعوت

 

اسلام آباد (اقبال اعوان)وزیر بلدیات و ممبر مذاکراتی ٹیم فیصل ممتاز راٹھور نے وزرائے حکومت قاسم مجید اور دیوان علی چغتائی کے ہمراہ عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں کو ایک بار پھر مذاکرات کی دعوت دی ہے۔

 

حکومتی قیادت نے کہا ہے کہ مسائل کے حل کے لیے بات چیت کا راستہ ہی سب سے مؤثر اور جمہوری طریقہ ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت پرامن حل اور عوامی فلاح کے لیے سنجیدہ ہے اور تمام فریقین کو مذاکرات کی میز پر بیٹھ کر اپنے اختلافات دور کرنے کی ضرورت ہے۔

 

فیصل ممتاز راٹھور نے کہاکہ ہم نے ہمیشہ امن و استحکام کو اولین ترجیح دی ہے، اور عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ کھلے دل سے مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ وہ بھی اس موقع سے فائدہ اٹھائیں اور مذاکراتی عمل میں حصہ لیں تاکہ مشترکہ مفادات کے لیے حل نکالا جا سکے۔

 

وزیر حکومت قاسم مجید نے کہا کہ حکومت عوامی مطالبات کو سمجھتی ہے اور ان کے حل کے لیے مربوط منصوبہ بندی کر رہی ہے، تاہم اس کے لیے مثبت رویہ اور بات چیت ضروری ہے۔

 

دیوان علی چغتائی نے بھی کہا کہ حکومت کشیدگی کی بجائے مفاہمت کو ترجیح دیتی ہے اور تمام متعلقہ فریقین کو مذاکرات کے ذریعے مسائل ختم کرنے کی ترغیب دی ہے۔

 

وزیر بلدیات اور وزراء نے عوامی ایکشن کمیٹی سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ جلد از جلد مذاکرات کے لیے ایک اجلاس کا انعقاد کریں تاکہ مسائل کا پرامن حل نکالا جا سکے اور عوام کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جا سکے۔

Comments are closed.