کوٹلی میں یومِ سیاہ، کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیرِ اہتمام احتجاجی ریلی
بھارتی قبضے کے خلاف شدید احتجاج، ریلی آبشار چوک پر اختتام پذیر
کوٹلی (کشمیر ایکسپریس نیوز)آزاد کشمیر بھر کی طرح ضلع کوٹلی میں بھی 27 اکتوبر کو کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیراہتمام یومِ سیاہ جوش و جذبے اور ہندوستان سے اظہار نفرت کے ساتھ منایا گیا۔
بھارت کی جانب سے 27 اکتوبر 1947 کو ریاست جموں و کشمیر میں اپنی افواج کے غیر قانونی داخلے کے خلاف یہ دن ہر سال پوری دنیا میں مقبوضہ کشمیر کے حق میں اور بھارتی مظالم کے خلاف علامتی طو رپر یوم سیاہ کے طور پر منایا جاتا ہے۔
اسی سلسلے میں ضلع کوٹلی میں احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں مختلف سیاسی، سماجی اور مذہبی تنظیموں کے کارکنان، طلبہ، تاجران اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔
ریلی احاطہ کچہری سے شروع ہوئی۔ شرکاء نے کالے پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارتی جارحیت کے خلاف نعرے درج تھے۔ ریلی کے شرکاء آزادی کشمیر اور حق خودارادیت کے حق میں فلک شگاف نعرے لگاتے ہوئے آبشار چوک تک پہنچے جہاں ایک احتجاجی جلسہ منعقد ہوا۔
احتجاجی اجتماع سے حریت کانفرنس کے رہنماؤں سید منظور حسین شاہ ،محمد مشتاق ،محمود اختر قریشی ایڈووکیٹ، صدر انجمن تاجران ملک محمد یعقوب ،صدر ڈسٹرکٹ بار سردار آفتاب انجم ایڈووکیٹ ،مئیر بلدیہ چوہدری محمد تاج،اسسٹنٹ کمشنر سہیل بشیر ،جماعتِ اسلامی کے قائدین حبیب الرحمن آفاقی، پروفیسر افتخار بٹ ،صدر اپیکا سردار گلفراز ،یوتھ کے رہنما محمد مطلوب ،عدنان جنجوعہ ،سردار مظہر اقبال ایڈووکیٹ ،نصیر راٹھور ایڈووکیٹ ، ابو ریحان ،قاضی عمران سمیت دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج نے آج سے 78 برس قبل کشمیری عوام کی خواہشات کے منافی زبردستی قبضہ کیا جو آج تک جاری ہے۔
مقررین نے بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی مذمت کی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم و جبر کا نوٹس لیتے ہوئے کشمیریوں کو اقوامِ متحدہ کی منظور شدہ قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت دلوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔
مقررین نے حکومت پاکستان اور آزاد کشمیر کی قیادت پر بھی زور دیا کہ وہ کشمیر کاز کے عالمی سطح پر مؤثر اجاگر کے لیے مزید اقدامات کریں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیری عوام بھارتی تسلط کے خلاف اپنی منصفانہ جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
کشمیریوں کی منزل پاکستان ہے۔ مئی میں پاک افواج نے معرکہ حق میں دشمن ہندوستان کو عبرت ناک شکست دی۔ جلسے کے اختتام پر بھارتی مظالم کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی اور شہدائے کشمیر کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا بھی کی گئی۔

Comments are closed.