کشمیر پر بھارتی قبضہ انسانیت کاسیاہ باب ہے،تنویر الیاس

کشمیر پر بھارتی قبضہ انسانیت کا سیاہ باب ہے، سردار تنویر الیاس

اسلام آباد (کشمیر ایکسپریس نیوز   )سابق وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر ، سینئر رہنما پاکستان پیپلز پارٹی سردار تنویر الیاس خان نے 27 اکتوبر یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر خصوصی پیغام پر کہا ہے کہ

 

27 اکتوبر 1947 تاریخِ انسانیت کا وہ سیاہ ترین دن ہے جب بھارت نے اخلاقی اصولوں اور بین الاقوامی قوانین کو پامال کرتے ہوئے ریاستِ جموں و کشمیر پر بزورِ طاقت قبضہ کرنے کا آغاز کیا جبکہ مہاراجہ کے نام نہاد الحاقِ ہند کا معاہدہ بھی مشکوک اور غیر قانونی ہے۔

 

بھارتی افواج، ڈوگرہ فورسز اور آر ایس ایس کے غنڈوں نے جموں کے علاقوں میں اڑھائی لاکھ سے زائد مسلمانوں کو شہید کیا اور لاکھوں کو گھر بار چھوڑنے پر مجبور کیا۔1947 سے ظلم و جبر، قتل و غارت اور بربریت کا شروع ہونے والا سلسلہ آج تک جاری ہے۔

 

بھارت پچھلے 77 برسوں سے کشمیریوں کے عزم کو توڑنے، ان کی شناخت مٹانے اور ان کی زمین کو ہڑپ کرنے کے لیے ظلم و جبر کے ہر ہتھکنڈے آزما رہا ہے ۔مودی کی فسطائی حکومت نے 5 اگست 2019 کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے نہ صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں بلکہ خود اپنے آئین کی بھی دھجیاں بکھیر دیں۔

 

مودی سرکار آبادیاتی تبدیلی کے ذریعے کشمیر کو ہندو اکثریتی خطے میں بدلنے کی کوشش کر رہی ہے جبکہ کشمیری مسلسل محاصرے میں ہیں۔ کشمیری حریت رہنما مسلسل قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں۔

 

بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنی غاصبانہ قبضے کو دائمی بنانے کے لیے کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کرنے سمیت کئی گھناؤنے منصوبوں پر عمل پیرا ہے۔کشمیری عوام سات دہائیوں سے تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں ۔کشمیر اور پاکستان کا رشتہ لازوال ہے جو ایمان، عقیدت اور قربانی سے بندھا ہے۔

 

جموں سے لداخ، کپواڑہ سے پونچھ تک ہر کشمیری صرف یہی نعرہ لگاتا ہے کہ ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے۔ پاکستان کے عوام بھی ہر سال 5 فروری کو اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے پوری دنیا کو یہ واضح پیغام دیتے ہیں کہ ہم ایک ہیں۔

 

پاکستان ہمیشہ ہر فورم پر کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔ مسلح افواجِ پاکستان، فیلڈ مارشل عاصم منیر کی جرآت مند قیادت میں مادرِ وطن کی دفاعی سرحدوں کی پاسبان اور کشمیری عوام کے عزمِ حریت کی مضبوط آواز ہے۔

 

بھارت کے جابرانہ ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیری عوام اپنی آزادی کی جدوجہد پر قائم ہیں۔ اقوامِ متحدہ، او آئی سی اور عالمی برادری اب محض بیانات پر اکتفا کرنے کے بجائے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو روکنے اور حقِ خودارادیت کے نفاذ کے لیے عملی اقدامات کرے۔

 

یقیناً وہ دن دور نہیں جب ظلم و جبر کی یہ سیاہ رات ختم ہو گی اور آزادی کا سورج وادیِ کشمیر کے پہاڑوں پر طلوع ہو گا۔ کشمیری عوام کی لازوال قربانیاں رنگ لائیں گی اور مقبوضہ جموں و کشمیر جلد بھارت کے غاصبانہ قبضے سے آزاد ہو کر اپنے ملک پاکستان کا حصہ بنے گا

Comments are closed.