بھارت سے جنگ کے بعد پاکستان کا اسٹینڈرڈ سب کے سامنے، مودی منہ چھپا رہا ہے،بلاول بھٹو زرداری کا تقریب سے خطاب
مظفرآباد(کشمیر ایکسپریس نیوز)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت سے جنگ کے بعد پاکستان کا اسٹینڈرڈ پوری دنیا کے سامنے ہے اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اب دنیا سے منہ چھپا رہے ہیں۔
مظفرآباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ جب عوام کا نمائندہ عوام کی صحیح نمائندگی نہ کر سکے تو پھر قوم کو خود جدوجہد کرنا پڑتی ہے، اور کشمیر کے عوام نے یہی کرکے دکھایا۔ انہوں نے کہا کہ جب کشمیر سراپا احتجاج تھا، اُس وقت فیصل ممتاز راٹھور عوام کے ساتھ کھڑے تھے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اب مظفرآباد میں عوام کے اصل نمائندہ فیصل ممتاز راٹھورہیں۔ فیصل راٹھور نے عوام سے جو وعدے کیے، وہ میرے پاس آپ کی امانت ہیں، ہم بند کمروں میں بیٹھ کر حکومت نہیں چلائیں گے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈال کر عمران خان کو اقتدار دیا گیا تھا، تاہم آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام نے ہمیشہ سیاسی شعور کا ثبوت دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا سیاسی شعور ملک کے دیگر علاقوں سے کہیں زیادہ ہے۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ بھارت سے جنگ کے بعد پاکستان کی کارکردگی دنیا کے سامنے آ چکی ہے، امریکا اور دیگر ممالک مودی کو یاد دلائیں گے کہ سات جہاز گرے تھے۔ دنیا کا کوئی بھی فورم ہو، بھارت وہاں سے بھاگتا نظر آتا ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھارت پاکستان اور کشمیر کے بھائی چارے کو نقصان پہنچاتا ہے،مودی سرکار کو بتانا چاہتا ہوں کہ آپ جنگیں بھی ہارے اور اب سازش بھی ہارو گے۔

Comments are closed.