میاں عبد الوحید نے کشمیر ایکسپریس کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا کشمیر ایکسپریس کی ٹیم نے میاں عبد الوحید کاپرتپاک استقبال
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)سینئر موسٹ وزیر حکومت آزاد جموں و کشمیر میاں عبد الوحید نے کشمیر ایکسپریس کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا کشمیر ایکسپریس کی ٹیم نے میاں عبد الوحید کاپرتپاک استقبال کیا۔
اس موقع پر سنئیر موسٹ وزیر حکومت چیف ایڈیٹر زاہد تبسم کو اے کے این ایس کا بلا مقابلہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی گئی۔کشمیر ایکسپریس کی ایڈیٹر شمیم اشرف، جوائنٹ ایڈیٹر رازق بھٹی، چیف رپورٹر عقیل انجم، سینئر نائب صدر کےجے ایف اقبال اعوان، سی این ای اقبال صمیم اور کاشان زاہد نے سینئر وزیر میاں عبد الوحید کو گلدستے پیش کیے اور حکومت میں سینئر موسٹ وزیر کا قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
اس موقع پر پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق معاون خصوصی برائے اسپیکر قانون ساز اسمبلی سید عزادار کاظمی بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران میاں عبد الوحید نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر آزادیِ صحافت پر مکمل یقین رکھتی ہے۔
میڈیا ریاستی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے اس لیے صحافیوں کے مسائل کے حل اور میڈیا اداروں کی مضبوطی کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر سے شائع ہونے والے اخبارات نے تحریکِ آزادی کشمیر اور عوامی مسائل کو اجاگر کرنے میں ہمیشہ نمایاں کردار ادا کیا ہےاور حکومت تمام اداروں، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور صحافتی برادری کو ساتھ لے کر چلے گی۔
سینئر موسٹ وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت میرٹ اور شفافیت کے اصول پر قائم ہے۔ آئندہ انتخابات بروقت ہوں گےاور مختصر مدت کے باوجود حکومت ایسی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے جس سے عوامی اعتماد بحال ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کی فراہمی کو عوام کی دہلیز تک پہنچانا موجودہ حکومت کا بنیادی ہدف ہے۔
میاں عبد الوحید نے بتایا کہ حکومت عوامی فلاح و بہبود کے بڑے منصوبوں پر تیزی سے کام کر رہی ہےہیلتھ کارڈ کی بحالی آئندہ چند دنوں میں دوبارہ فعال ہو جائے گا تاکہ ہر شہری کو معیاری علاج کی سہولت میسر آ سکے۔
تعلیمی شعبے میں اصلاحات، اسکولوں اور کالجوں کی بحالی تعلیمی ڈھانچے کی مضبوطی اور طلبہ کے لیے سہولتوں میں اضافہ،بنیادی ڈھانچے، سڑکوں، صحت و صفائی اور عوامی سہولت مراکز کی بہتری کے لیے منصوبوں پر کام جاری ہے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے جائز مطالبات پر تیز رفتار عملدرآمد شروع ہے تاکہ عوام کو جلد ریلیف دیا جا سکے
میاں عبد الوحید نے مزید کہا کہ عوامی اعتماد بحال کرنا اور ریاست میں گڈ گورننس قائم کرنا حکومت کی سب سے اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیر نے یقین ظاہر کیا کہ آنے والا دور پیپلز پارٹی کا ہوگا وزیر اعظم کی حکمت عملی نے سیاسی جمود کو توڑتے ہوئے عام عوام کے لیے دروازے کھول دیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکن جماعت کا اصل اثاثہ ہیں اور تنظیم مکمل طور پر متحد و منظم ہے۔ حکومتی پالیسیوں کے اثرات بہت جلد عوام تک پہنچنا شروع ہو جائیں گے

Comments are closed.