اظہر بڑالوی کا کشمیر ایکسپریس کے دفتر کا دورہ ، چیف ایڈیٹر زاہد تبسم کو اے کے این ایس کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ کے مرکزی سیکرٹری جنرل اظہر بڑالوی نے کشمیر ایکسپریس کے دفتر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے چیف ایڈیٹر زاہد تبسم کو اے کے این ایس کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔
دفتر آمد پر چیف ایڈیٹر زاہد تبسم ،ایڈیٹر شمیم اشرف نے جملہ سٹاف کے ہمراہ استقبال کیا انہوں نے زاہد تبسم کی صحافتی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا انتخاب صحافتی برادری کے اعتماد اور پروفیشنلزم کا اعتراف ہے۔
کشمیر ایکسپریس سے خصوصی گفتگو کے دوران اظہر بڑالوی نے کہا کہ کچھ عناصر کی جانب سے آزاد کشمیر کو لیڈر لیس کرنے کی کوششیں لمحہ فکریہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی وہ واحد سیاسی قوت ہے جو اپنے کارکنوں کو حقیقی قدر، عزت اور طبقاتی تفریق سے بالاتر ہو کر جائز مقام فراہم کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نہ صرف کارکن دوست جماعت ہے بلکہ عوامی مسائل کے حل کے لیے ہمیشہ عملی اور سنجیدہ سیاست کرتی آئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فیصل راٹھور کی قیادت میں آزاد کشمیر اور ڈائسپورا میں پارٹی کی تنظیم سازی، عوامی رابطہ مہم اور سیاسی فعالیت کو مزید مضبوط کیا جا رہا ہےجس کے مثبت نتائج جلد سامنے آئیں گے۔
اظہر بڑالوی نے کہا کہ پیپلز پارٹی برطانیہ کشمیریوں کے حقوق، مسئلۂ کشمیر کی عالمی سطح پر ترجمانی اور برطانوی پارلیمنٹ میں مؤثر لابنگ کے لیے اپنا کردار مزید تیزی سے ادا کرے گی۔
انہوں نے کشمیر ایکسپریس کے مثبت کردار کو سراہا۔اس موقع پر چیف ایڈیٹر روزنامہ صدائے چنارامجد چوہدری ،سابق معاون خصوصی برائے اسپیکر قانون ساز اسمبلی سید عزادار شاہ کاظمی ،سیکر ٹری مالیات اے کے این ایس اعجاز خان، سینئر کالم نگار آغا سفیر کاظمی ،پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے مرکزی رہنما ماجد شریف بھی موجود تھے

Comments are closed.