سردار تنویر الیاس کا یومِ حقِ خودارادیتِ کشمیر پر پیغام جاری
اسلام آباد (کشمیر ایکسپریس نیوز )سابق وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر و سینئر رہنما پاکستان پیپلز پارٹی سردار تنویر الیاس خان نے 5 جنوری یومِ حقِ خودارادیتِ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ 5 جنوری کشمیری عوام کے اس تاریخی، قانونی اور اخلاقی حق کی تجدید کا دن ہے جسے اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے ذریعے عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا مگر بدقسمتی سے آج تک اس پر عملدرآمد نہیں ہو سکا۔
حقِ خودارادیت جموں و کشمیر کے عوام کا ناقابلِ تنسیخ اور بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حق ہے جس سے انہیں کسی صورت محروم نہیں کیا جا سکتا۔
سابق وزیر اعظم نے مزید کہا ہے کہ کشمیری عوام گزشتہ سات دہائیوں سے بھارتی ریاستی جبر، انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں، جبری گمشدگیوں، ماورائے عدالت قتل اور اجتماعی سزاؤں کا سامنا کر رہے ہیں، مگر اس کے باوجود ان کا جذبۂ حریت اور آزادی پر غیر متزلزل یقین آج بھی زندہ ہے۔
5 اگست 2019 کے بعد مقبوضہ جموں و کشمیر کی آئینی حیثیت کا خاتمہ، آبادی کے تناسب میں تبدیلی اور کشمیری شناخت پر منظم حملے اس امر کا واضح ثبوت ہیں کہ بھارت اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کر رہا ہے۔
مسئلہ کشمیر پر عالمی برادری کی مسلسل خاموشی افسوسناک ہی نہیں بلکہ اس سنگین ناانصافی کو مزید طول دینے کا سبب بن رہی ہے۔ کشمیری عوام کی منزل پاکستان ہے اور یہی ان کی طویل جدوجہد کا منطقی انجام ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی، قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کے مطابق کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی، حقِ خودارادیت اور ایک پُرامن و منصفانہ حل کے لیے ہر فورم پر بھرپور آواز بلند کرتی رہے گی۔
کشمیری عوام کی لازوال قربانیوں کی بدولت بھارت کو بالآخر کشمیر سے نکلنا ہو گا، وہ دن دور نہیں جب یہ قربانیاں رنگ لائیں گی اور کشمیری عوام بھارتی ناجائز قبضے سے آزادی حاصل کریں گے۔

Comments are closed.