20 نوجوان رضاکاروں کو بااختیار بنانے کے لیے ،وزیراعظم یوتھ پروگرام، والینٹری سروس اوورسیز (VSO) پاکستان اور برگد کے درمیان تاریخی مفاہمتی یادداشت (LOI) پر دستخط
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) وزیراعظم آفس اسلام آباد میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا
جس میں وزیراعظم یوتھ پروگرام (PMYP)، والینٹری سروس اوورسیز (VSO) پاکستان اور برگد ، آرگنائزیشن فار یوتھ ڈیولپمنٹ کے مابین ایک تاریخی مفاہمتی یادداشت (LoI) پر دستخط ہوئے، جس کے گواہ چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں تھے۔
یہ شراکت داری پاکستان کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے اور انہیں قومی ترقی کے اہم حصے کے طور پر سامنے لانے کی جانب ایک اہم قدم ہے، جو نوجوانوں کے لیے نئے مواقع اور ترقی کے راستے فراہم کرے گی۔
دستخطی تقریب میں ڈاکٹر محمد علی ملک جوائنٹ سیکریٹری وزیراعظم یوتھ پروگرام، محترمہ سحر افشین کنٹری نمائندہ VSO پاکستان، اور محترمہ صبیحہ شاہین ایگزیکٹو ڈائریکٹر برگد، اپنے نمائندگان کے ہمراہ موجود تھے.
یہ شراکت داری وزیراعظم یوتھ پروگرام کے 4E فریم ورک—تعلیم، روزگار، شمولیت اور ماحولیات،پر مبنی ہے اور اس کا مقصد نوجوانوں کی ایک نئی، بااختیار، ہنر مند اور سماجی طور پر ذمہ دار نسل کی تیاری کرنا ہے۔
اس کے ذریعے نوجوان قیادت کو مضبوط بنایا جائے گا، روزگار اور کاروباری مواقع کے راستے وسیع کیے جائیں گے، رضاکارانہ خدمات کو فروغ دیا جائے گا، اور فعال شہری کردار کو پاکستان کی پائیدار ترقی کے ایجنڈے کی بنیاد بنایا جائے گا۔
مفاہمتی یادداشت (LoI) کے تحت شریک ادارے ملک بھر میں منظم تربیتی اور رضاکارانہ پروگرامز مشترکہ طور پر ترتیب دیں گے اور نافذ کریں گے۔
اس شراکت داری کا ایک اہم اقدام 20,000 نوجوان رضاکاروں کی تربیت اور شمولیت ہے، تاکہ انہیں قیادت اور شہری ذمہ داریوں کی مہارتیں فراہم کی جا سکیں اور وہ اپنی کمیونٹی میں مثبت تبدیلی لا سکیں۔
اس کے علاوہ، شراکت داری نوجوانوں سے متعلق پالیسیوں کی وکالت کو آگے بڑھائے گی، نوجوانوں کو مہارتوں، وسائل اور رہنمائی سے جوڑنے کے لیے فعال پلیٹ فارمز قائم کرے گی، اور پروگرام کے دائرہ کار میں توسیع اور پائیدار وسائل کے حصول کے مواقع تلاش کرے گی۔۔
یہ شراکت داری مربوط عملدرآمد، صوبائی اور ضلعی سطح پر مؤثر رسائی، شفاف دستاویزی اور رپورٹنگ نظام، اور مشترکہ تشہیر و برانڈنگ پر خصوصی توجہ دیتی ہے تاکہ تمام سرگرمیوں میں ہم آہنگی، اثر پذیری اور قومی سطح پر رسائی یقینی بنائی جا سکے۔
یہ تاریخی شراکت داری پاکستان کے نوجوانوں کو قائد اور تبدیلی کے علمبردار بنانے کے لیے مشترکہ عزم کی عکاس ہے، تاکہ وہ جامع ترقی میں حصہ ڈالیں، سماجی ہم آہنگی کو مضبوط کریں، اور ملک کے طویل مدتی مستقبل کی تشکیل میں کردار ادا کریں۔

Comments are closed.