قیدی نمبر 804 پوری امت کی آواز بن گیا،سردار عبدالقیوم نیازی

قیدی نمبر 804 پوری امت کی آواز بن گیا، دنیا عمران خان کی طرف دیکھ رہی ہے

 

سہنسہ (کشمیر ایکسپریس نیوز)صدر پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر و سابق وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہا ہے کہ آج قیدی نمبر 804 عمران خان صرف پاکستان نہیں بلکہ پوری امتِ مسلمہ کی امید اور مزاحمت کی علامت بن چکے ہیں۔

 

مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام ہوں یا فلسطین کے بے گناہ مسلمان، سب کی نظریں عمران خان پر جمی ہوئی ہیں، جبکہ حکمران ٹولہ عالمی طاقتوں کے سامنے گھٹنے ٹیک چکا ہے۔

 

سہنسہ میں منعقدہ ’عمران خان کو رہا کرو‘ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سردار عبد القیوم نیازی نے پی ڈی ایم پر کڑا وار کرتے ہوئے کہا کہ اس جعلی اتحاد نے اقتدار کی خاطر تحریک آزادی کشمیر کو دفن کر دیا، مسئلہ کشمیر کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا اور قومی غیرت کو عالمی منڈی میں نیلام کر دیا۔

 

انہوں نے دو ٹوک اعلان کیا کہ عمران خان کی رہائی تک تحریک انصاف نہ خاموش بیٹھے گی، نہ پیچھے ہٹے گی۔ قائد کی ہر کال پر لبیک کہا جائے گا، سڑکوں پر نکلیں گے، ہر محاذ پر جدوجہد ہو گی اور دیا گیا ہر لائحۂ عمل پوری قوت سے نافذ کیا جائے گا۔

 

سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ عمران خان آج عالمِ اسلام کی واحد قیادت ہیں جو کشمیر اور فلسطین پر بغیر کسی خوف کے حق بات کرتی ہے یہی وجہ ہے کہ عالمی طاقتیں بھی ان کے کردار، بیانیے اور جرات مندانہ مؤقف سے خائف ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ جو قیادت کشمیر و فلسطین پر دو ٹوک مؤقف اختیار نہ کر سکے، وہ قوم کی قیادت کا اخلاقی حق کھو چکی ہے۔پنڈال میں پہنچنے پر سردار عبد القیوم نیازی نعروں کی گونج میں پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے شاندار استقبال کیا گیا ۔

 

سہنسہ کی فضا رہا کرو، رہا کرو، عمران خان کو رہا کرو کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی، سہنسہ ایک عوامی ریفرنڈم کا منظر پیش کرنے لگا۔اس موقع پر سہنسہ میں پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ کا افتتاح بھی کیا گیا۔

 

کنونشن کے دوران ایک بڑی سیاسی پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب معروف سیاسی و سماجی رہنما سردار بابر منگول اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہو گئے۔آخر میں سردار عبد القیوم نیازی نے اہلیان سہنسہ اور کارکنان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دن رات محنت کرنے والے کارکن عمران خان کے اصل محافظ ہیں۔

 

انہوں نے واضح کیا کہ یہ کنونشن اس بات کا ناقابلِ تردید ثبوت ہے کہ تحریک انصاف آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہے، عمران خان تنہا نہیں اور عوامی طاقت جلد فیصلہ کن کردار ادا کرے گی۔

 

کنونشن سے  چیف آرگنائزر چوہدری حمید پوٹھی، سینئر نائب صدر و سابق وزیر حکومت چوہدری مقبول، ممبر کشمیر کونسل سردار رزاق اور دیگر مرکزی و ضلعی قائدین نے بھی خطاب کیا اور عمران خان کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے جدوجہد کو تیز کرنے کا اعلان کیا۔

Comments are closed.