ایچ پی وی مہم کے سلسلے میں میڈیا کمیونٹی کا کلیدی کردار

ایچ پی وی مہم کے سلسلے میں میڈیا کمیونٹی کا کلیدی کردار، ڈی ایچ او ڈاکٹر ارم بتول کی سربراہی میں فکری نشست

 

بھمبر(کشمیر ایکسپریس نیوز)ایچ پی وی (HPV) ویکسینیشن مہم کو مؤثر بنانے اور عوام میں آگاہی کے فروغ کے لیے ضلعی سطح پر ایک اہم فکری نشست منعقد ہوئی، جس کی صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ارم بتول نے کی۔

 

نشست میں میڈیا کمیونٹی کے نمائندگان، محکمہ صحت، بلدیاتی اداروں اور دیگر ضلعی محکموں کے افسران نے بھرپور شرکت کی۔

 

اجلاس میں ایچ پی وی مہم کی افادیت، اہداف اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ڈاکٹر ارم بتول نے کہا کہ ایچ پی وی ویکسین بچیوں کو مہلک بیماریوں سے محفوظ بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے اور اس قومی مہم کی کامیابی میں میڈیا کا کردار نہایت اہم ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ درست معلومات کی فراہمی اور منفی تاثر کے خاتمے کے لیے میڈیا کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔

 

فکری نشست میں چیئرمین بلدیہ الطاف ابراہیم، صدر پریس کلب جمیل شفیع، سینئر صحافیوں اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ عوام میں شعور بیدار کرنے کے لیے تمام اداروں کو باہمی اشتراک سے کام کرنا ہوگا۔

 

شرکاء نے ایچ پی وی مہم کے حوالے سے تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ میڈیا، صحت اور بلدیاتی اداروں کے باہمی رابطے سے ہی اس مہم کو کامیاب بنایا جا سکتا ہے۔ اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ویکسینیشن مہم کے پیغام کو گھر گھر پہنچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

Comments are closed.