دبئی میں دنیا کی پہلی سونے کی سڑک تعمیر کرنے کا اعلان
اماراتی حکام کا حیران کن منصوبہ، دبئی میں دنیا کی پہلی سونے کی سڑک تعمیر کرنے کا اعلان
دبئی (خصوصی رپورٹ)متحدہ عرب امارات ایک بار پھر دنیا کو حیران کرنے جا رہا ہے۔ دبئی میں دنیا کی پہلی سونے کی سڑک (Gold Street) تعمیر کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے، جو نہ صرف جدید تعمیرات بلکہ عالمی سونے کی تجارت میں دبئی کی برتری کو مزید مستحکم کرے گی۔
دبئی کے معروف رئیل اسٹیٹ ڈیولپر اتھرا دبئی (Ithra Dubai) نے اعلان کیا ہے کہ یہ منفرد اور تاریخی سڑک دبئی گولڈ ڈسٹرکٹ (Dubai Gold District)کے اندر تعمیر کی جائے گی۔
منصوبے کے تحت یہ سڑک مکمل طور پر سنہرے ڈیزائن اور گولڈ تھیم پر مشتمل ہو گی، جس کا مقصد دنیا بھر سے آنے والے خریداروں، سیاحوں اور سرمایہ کاروں کو ایک منفرد اور یادگار تجربہ فراہم کرنا ہے۔
اتھرا دبئی کی جانب سے دبئی گولڈ ڈسٹرکٹ کا باضابطہ افتتاح بھی کر دیا گیا ہے، جسے دبئی کا نیا “ہوم آف گولڈ” قرار دیا جا رہا ہے۔
اس ڈسٹرکٹ کے مرکز میں تعمیر ہونے والی گولڈ اسٹریٹ کو اس منصوبے کا سب سے نمایاں اور پرکشش حصہ کہا جا رہا ہے، جبکہ اس کی ڈیزائننگ اور تعمیر سے متعلق مزید تفصیلات آئندہ مرحلہ وار جاری کی جائیں گی۔
اتھرا دبئی کے مطابق اس منصوبے کا بنیادی مقصد سونے اور زیورات کے کاروبار کو ایک ہی مقام پر مجتمع کرنا ہے تاکہ دبئی کو عالمی سطح پر سونے، زیورات اور بلین ٹریڈنگ کا ایک مضبوط اور مؤثر مرکز بنایا جا سکے۔
دبئی گولڈ ڈسٹرکٹ میں ریٹیل فروخت، بلین (Bullion) ٹریڈنگ، ہول سیل بزنس اور سرمایہ کاری سے متعلق تمام سہولیات ایک ہی چھت تلے دستیاب ہوں گی۔
اعداد و شمار کے مطابق دبئی گولڈ ڈسٹرکٹ میں ایک ہزار سے زائد ریٹیلرز موجود ہوں گے، جن کا تعلق سونے، زیورات، پرفیوم، کاسمیٹکس اور لائف اسٹائل کے مختلف شعبوں سے ہو گا۔
عالمی شہرت یافتہ زیورات کے برانڈز جن میں جواہرا جیولری، ملابار گولڈ اینڈ ڈائمنڈز، الرمیزان اور تنشک جیولری شامل ہیں، پہلے ہی اس منصوبے کا حصہ بن چکے ہیں، جبکہ جویالککس (Joyalukkas)نے مشرقِ وسطیٰ میں اپنا سب سے بڑا فلیگ شپ اسٹور یہاں قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اتھرا دبئی کے حکام کا کہنا ہے کہ گولڈ اسٹریٹ دبئی گولڈ ڈسٹرکٹ کی پہچان بنے گی اور یہ سڑک نہ صرف تجارتی سرگرمیوں بلکہ سیاحت کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔
واضح رہے کہ سال 2024–2025 کے دوران متحدہ عرب امارات نے تقریباً 53.41 ارب ڈالر مالیت کے سونے کی تجارتکی جس کے بعد ملک دنیا میں فزیکل گولڈ ٹریڈنگ کی دوسری سب سے بڑی منزل بن چکا ہے۔
مزید برآں، دبئی گولڈ ڈسٹرکٹ نے 2025 کے دوران 147 سے زائد قومیتوں کے خریداروں اور صارفین کو اپنی جانب متوجہ کیا، جو اس منصوبے کی عالمی اہمیت اور تجارتی حیثیت کا واضح ثبوت ہے۔
ماہرین کے مطابق دنیا کی پہلی سونے کی سڑک کا یہ منصوبہ دبئی کو نہ صرف لگژری، جدت اور سرمایہ کاری کے عالمی مرکز کے طور پر مزید مضبوط کرے گا بلکہ سونے کی عالمی منڈی میں بھی اس کے اثر و رسوخ کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا۔
–

Comments are closed.