آزاد کابینہ نے ہیلتھ کارڈ کے اجراء کی منظوری دیدی

آزاد کابینہ نے ہیلتھ کارڈ کے اجراء کی منظوری دیدی،فیصل ممتاز راٹھور کی زیرِ صدارت آزاد جموں و کشمیر کابینہ کا اجلاس

 

مظفرآباد (کشمیر ایکسپریس نیوز)وزیراعظم آزاد حکومتِ ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی زیرِ صدارت آزاد جموں و کشمیر کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں کابینہ اراکین، چیف سیکرٹری اور سیکرٹریز حکومت نے شرکت کی۔

 

اجلاس میں متعدد اہم انتظامی، تعلیمی، فلاحی اور ترقیاتی امور پر غور کے بعد اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے آزاد جموں وکشمیر میں ہیلتھ کارڈ کے اجراء کی منظوری دیدی۔

 

کابینہ اجلاس میں عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ طے پانے والے معاہدے پر عملدرآمد بارے پیش رفت ہاء کا جائزہ لیا گیا۔آزاد جموں و کشمیر کابینہ نے وزراء کے صوابدیدی فنڈز کی بحالی کی بھی منظوری دی۔

 

کابینہ نے شہید سجاد ریشم کے بھائی کو سرکاری ملازمت کے لیے عمر کی حد میں نرمی جبکہ باغ میں شہید ہونے والے زاہد قریشی کے ورثاء کے لیے معاوضہ (مواضعات) کی منظوری بھی دی۔

 

کابینہ اجلاس میں دانش سکول حویلی کے قیام کے لیے خالصہ سرکار اراضی حویلی کی منظوری اور منتقلی، جیم اسٹونز سینٹر آف ایکسیلنس کے لیے آرائش (فنشنگ) کے اخراجات کی منظوری دی گئی۔

 

کابینہ نے ہیلتھ کیئر ہسپتال میرپور کے امور کو یکسو کرنے کے لیے وزرائے حکومت سید بازل علی نقوی، چوہدری قاسم مجید، چوہدری ارشد اور چیف سیکرٹری خوشحال خان پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی، جسے معاملات کو جلد یکسو کرنے کی ہدایت کی گئی۔

 

آزادجموں وکشمیر کابینہ نے بچوں کی تعلیم کے ضیاع کو روکنے کے لیے پرائمری سطح تک ان دور افتادہ علاقوں کے تعلیمی اداروں میں، جہاں بچوں اور بچیوں کے تناسب سے علیحدہ پرائمری سکول عمارات دستیاب نہیں، سکولوں کے قیام تک پرائمری کی حد تک مخلوط تعلیمی ادارے قائم کرنے کی منظوری بھی دی۔

 

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر عوامی فلاح، تعلیم، صحت اور ترقیاتی منصوبوں کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔ عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ طے پانے والے معاہدے پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا ، عوامی مسائل کے حل کے لیے حکومت سنجیدہ اور پرعزم ہے۔

 

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ صحت کے شعبے میں اصلاحات ناگزیر تھیں، ہیلتھ کارڈ کے اجرا سے عام آدمی کو معیاری علاج کی سہولیات تک براہِ راست رسائی حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ نئے ترقیاتی منصوبوں، توانائی کے شعبے میں اقدامات سے ریاست میں پائیدار ترقی کو فروغ ملے گا۔

 

وزیراعظم آزاد کشمیر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ کابینہ کے فیصلوں پر بروقت اور مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔

 

کابینہ اجلاس کے اختتام پر کشمیریوں کے حقِ خودارادیت، حریت رہنما محمد یاسین ملک کی غیر قانونی اسیری، مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہندوستانی افواج کی جانب سے جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کی شدید مذمت

 

پاک فضائیہ کے دفاعی نظام “تیمور” کی کامیاب تیاری پر مبارکباد، اور لیہہ ویلی میں کامیاب ہیلی ریسکیو آپریشن پر پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے وزیر اطلاعات آزاد کشمیر چوہدری محمد رفیق بئیر کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔

 

وزیراعظم آزاد کشمیر نے اس موقع پر کہا کہ مسلح افواجِ پاکستان ملک کے دفاع، قومی سلامتی اور قدرتی آفات کے دوران عوام کی جان و مال کے تحفظ میں قابلِ فخر کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو اپنی بہادر افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں پر فخر ہے۔

Comments are closed.