عوامی ایکشن کمیٹی معاہدے پر عملدرآمد کا جائزہ اجلاس،آزاد کشمیر معاہدے پر عملدرآمد میں تیزی کی ہدایت
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام کی زیر صدارت آزاد جموں و کشمیر میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ طے پانے والے معاہدے پر عملدرآمد کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس کا انعقاد
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے اب تک ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار اور تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ عملدرآمد کے کام میں مزید تیزی لائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر وزیر اعظم کی اولین ترجیح ہے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنا وفاقی اور آزاد کشمیر حکومتوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
انجینئر امیر مقام نے یقین دہانی کرائی کہ وزیر اعظم کی ہدایات کی روشنی میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ کیے گئے معاہدے پر مکمل اور مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔
وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان اور سیفران شبیر احمد عثمانی، سیکریٹری امورِ کشمیر، گلگت بلتستان اور سیفران ظفر حسن، چیف سیکریٹری آزاد جموں و کشمیر خوشحال خان اور ایڈیشنل سیکریٹری کامران رحمان خان بھی اجلاس میں شریک تھے۔
متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے حکام نے اجلاس کو اب تک اٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ دی، جبکہ چیف سیکریٹری آزاد کشمیر نے عملدرآمد کے عمل پر تفصیلی بریفنگ پیش کی۔
اجلاس میں وزارتِ امورِ کشمیر، گلگت بلتستان اور سیفران، آزاد کشمیر حکومت کے سینئر حکام اور سول ایوی ایشن، قومی صحت کی خدمات، پلاننگ کمیشن، مواصلات، نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے)، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)، پاور ڈویژن، آبی وسائل اور وفاقی تعلیم کے نمائندوں نے شرکت کی۔

Comments are closed.