یوم یکجہتی کشمیر: اسلام آباد میں دستخطی مہم اور مقبوضہ کشمیر کے مظالم پر اسٹال لگایا گیا
اسلام آباد (کشمیر ایکسپریس نیوز) یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر جموں و کشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام لوک ورثہ اسلام آباد میں دستخطی مہم اور تاریخ جموں و کشمیر، مسئلہ کشمیر اور تحریک آزادی کشمیر کی کتب کا اسٹال لگایا گیا ، سٹال پر پمفلٹس، بروشرز اور تصاویر کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کیا گیا ۔
اس موقع پر دستخطی مہم میں ملکی و غیر ملکی افراد، یونیورسٹیز سٹوڈنٹس، سول سوسائٹی کے علاوہ راولپنڈی/اسلام آباد میں مقیم کشمیری جموں و کشمیر لبریشن سیل(کشمیر سنٹر راولپنڈی) کے سٹال کا وزٹ کر تے رہے اور اپنے دستخطوں کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر کے حریت پسند عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے ساتھ ساتھ عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ۔
لوک ورثہ اسلام آباد میں جموں و کشمیر لبریشن سیل کے آفیسران و اہلکاران مسلسل سٹال پر موجود رہے اور اسٹال کا دورہ کرنے والی اہم شخصیات کو مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال اور بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر بریفنگ بھی دیتے رہے ۔ جبکہ ملکی و غیر ملکی میڈیا نے ایونٹ کی بھر پور کوریج بھی کی

Comments are closed.