اوورسیزکشمیریزکنونشن کاانعقاد،دنیابھرسےکشمیریوں کی شرکت

اوورسیز کشمیریز کنونشن کا انعقاد، دنیا بھر سے تارکین وطن کشمیریوں کی بڑی تعدادکی شرکت

مظفرآباد(کشمیر ایکسپریس نیوز)آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کے زیر اہتمام شاندار اوورسیز کشمیریز کنونشن کا انعقاد۔

 

کنونشن میں دنیا بھر سے اوورسیز کشمیری بڑی تعداد میں شریک ہوئے اور وزیراعظم فیصل ممتازراٹھور کی جانب سے اوورسیز کشمیریوں کے مسائل کے حل اور انہیں آزادکشمیر میں سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرنے کے اس اقدام کو تاریخ ساز قرار دیا۔

 

کنونشن میں مختلف ممالک میں نمایاں خدمات انجام دینے والے کشمیریوں کی شرکت نے اس تقریب کو مزید باوقار بنا دیا۔

 

تقریب میں وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور، وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام،اپوزیشن لیڈر شاہ غلام قادر، چیئرمین اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن سید قمر رضا، حریت رہنما غلام محمد صفی اور حکومت کے وزراء ،چیف سیکرٹری خوشحال خان ودیگر بھی شریک ہوئے۔

 

کنونشن کے دوران پینل گروپ ڈسکشن اور پالیسی ڈائیلاگ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ریاست کی ترقی، سرمایہ کاری کے مواقع اور اوورسیز کشمیریوں کے مسائل کے حل بارے تفصیلی گفتگو کی گئی۔

 

حکومت آزادکشمیر کی جانب سے کنونشن کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ اوورسیز کشمیریوں کی سہولت کے لیے حکومت کی جانب سے خصوصی علیحدہ عدالت کے قیام اور شکایات کے فوری حل کے لیے وزیراعظم آزادکشمیر ویب پورٹل کا آغاز جیسے اہم اقدامات بھی شامل ہیں۔

 

شکایات کے ازالے کیلئے ویب پورٹل کا افتتاح بھی تقریب میں وزیراعظم نے کیا۔ حکومت آزادکشمیر کی جانب سے سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ون ونڈو آپریشن کا قیام بھی شامل ہے۔

 

پینل ڈسکشن کے بعد سفارشات کی روشنی میں ایک جامع پالیسی مرتب کی جائے گی۔ کنونشن میں آئی ٹی، ہائیڈل پاور، سیاحت اور منرل کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے متعدد پروپوزلز بھی پیش کیے گئے ہیں، جو آزادکشمیر کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.