کوٹلی/کھوئی رٹہ (کشمیر ایکسپریس نیوز)وزیر اطلاعات، مذہبی امور و اوقاف آزاد کشمیر چوہدری محمد رفیق نئیر نے حلقہ کھوئی رٹہ کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے سماجی و مذہبی تقریبات میں شرکت کی اور عوام سے قریبی رابطہ برقرار رکھا۔
گیائیں سمرلی میں وزیر اطلاعات نے مرحوم چوہدری عنائت کے ختمِ شریف، افطاری اور محفل میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور اہل خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ مرحوم کی سماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ان کی کمی ایک عرصہ تک محسوس کی جاتی رہے گی۔
بعد ازاں وزیر اطلاعات چوہدری محمد رفیق نئیر نے جمیل کالس کے والد چوہدری پنوں مرحوم کی وفات پر ان کی رہائش گاہ جا کر فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے سوگوار خاندان کے ساتھ اظہار افسوس کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل دے۔
اپنے دورہ کے دوران وزیر اطلاعات نے چوہدری ماسٹر بشیر کی عیادت بھی کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ انہوں نے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں جلد صحت کاملہ عطا فرمائے۔
اس موقع پر مقامی عمائدین اور کارکنان بھی موجود تھے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ عوام کے دکھ سکھ میں شریک ہونا ہماری ذمہ داری ہے اور حکومت عوامی خدمت کے جذبے کے تحت ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔
