ڈپٹی کمشنر(ر)حق نوازکاالوداعی پیغام،افسران اورعوام کاشکریہ

ڈپٹی کمشنر (ر) چوہدری حق نواز کا الوداعی پیغام، افسران اور عوام کا شکریہ

 

بھمبر(کشمیر ایکسپریس نیوز)ڈپٹی کمشنر (ر) چوہدری حق نواز نے اپنی ریٹائرمنٹ کے موقع پر ایک پیغام میں ضلع بھمبر کے تمام سرکاری افسران، پولیس اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔

 

انہوں نے کہا کہ اپنی قلیل مدت تعیناتی کے دوران انہیں جس خلوص، محبت اور تعاون کا سامنا رہا، وہ ان کے لیے ہمیشہ ایک قیمتی یادگار رہے گا۔

 

 

انہوں نے خصوصی طور پر ایس ایس پی بھمبر راجہ محمد اکمل خان، پولیس مجسٹریٹس، تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز/ایس ڈی ایم صاحبان،سول وعسکری حکام، ضلعی و تحصیل افسران اور دیگر اہلکاران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تمام اداروں نے ایک ٹیم کی طرح کام کرتے ہوئے ضلع میں گڈ گورننس، امن و امان اور عوامی مسائل کے حل کے لیے بھرپور کردار ادا کیا۔

 

 

چوہدری حق نواز کا کہنا تھا کہ سرکاری مشینری کی محنت، باہمی ہم آہنگی اور ذمہ داری کے احساس کے باعث عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ممکن ہوا۔

 

انہوں نے کہا کہ بھمبر کے عوام، سول سوسائٹی اور معزز شہریوں کے تعاون کے بغیر یہ سب ممکن نہ تھا، جنہوں نے ہر موقع پر انتظامیہ کا ساتھ دیا۔

 

 

انہوں نے مزید کہا کہ وہ ضلع بھمبر کے لوگوں کی محبت کو کبھی فراموش نہیں کریں گے اور دعاگو ہیں کہ یہ علاقہ ہمیشہ ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن رہے۔

 

انہوں نے تمام افسران و اہلکاران کو ہدایت کی کہ وہ اسی جذبے کے ساتھ عوام کی خدمت جاری رکھیں اور اپنے فرائض ایمانداری اور دیانتداری سے انجام دیتے رہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.