پاکستان کا بھارت پر دوٹوک پیغام: آسیہ اندرابی کی سزا ناقابل قبول
اسلام آباد (رازق بھٹی)دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے کشمیری خواتین قیادت، خصوصاً آسیہ اندرابی، اور ان کے ساتھیوں مسز صوفی فہمیدہ اور مسز ناہیدہ نسرین کو دی گئی سزاؤں کو پاکستان سختی سے مسترد کرتا ہے اور اسے سیاسی انتقام اور غیر آئینی کارروائی قرار دیتا ہے۔
ان خیالات کااظہار ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کشمیر ایکسپریس کے جوائنٹ ایڈیٹر رازق بھٹی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا
ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ بھارت جائز سیاسی مطالبات اور بنیادی حقوق کے حصول کو دہشتگردی سے جوڑنے کی کوشش کر رہا ہے، جو ایک پرانا بھارتی حربہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت میں عدالتی نظام کی غیر جانبداری پر خود بھارتی ججوں نے بھی سوالات اٹھائے ہیں جیسے کہ سمجھوتہ ایکسپریس بمباری کے مقدمے میں مرکزی ملزم کے جرم کا اعتراف ہونے کے باوجود بری ہونے کا معاملہ جو بھارتی عدلیہ میں احتساب اور شفافیت پر سنجیدہ سوالات کھڑے کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ فیصلے بھارتی حکام کی کشمیری قیادت کو خاموش کرانے کی سیاسی سازش کا حصہ ہیں اور حقیقی کشمیری نمائندوں کے خلاف جاری مظالم کا تسلسل ہیں۔ کئی مشہور کشمیری رہنما طویل عرصے تک جیل میں رہ چکے ہیں جن میں سید علی شاہ گیلانی، مسرت عالم بھٹ، ڈاکٹر قاسم اور شبیر احمد شاہ شامل ہیں۔
یاسین ملک کو بھی زندگی بھر قید کی سزا سنائی گئی جسے پاکستان نے من گھڑت مقدمے پر مبنی قرار دیا۔انھوں نے کہا کہ بھارتی حکام کی جانب سے حالیہ چھاپوں اور تلاشی کارروائیوں جیسے ہاتھ وارا اور کولگام میں جاری اقدامات کشمیری عوام کو ہراساں کرنے اور خوف کا ماحول قائم کرنے کی واضح کوششیں ہیں۔
پاکستان بھارت سے مطالبہ کرتا ہے کہ آسیہ اندرابی کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور کشمیری قیادت اور انسانی حقوق کے کارکنان کو غیر مشروط طور پر آزاد کیا جائے
بھارت کے وزیر خارجہ ڈاکٹر جے شنکر کی جانب سے پاکستان کے خلاف استعمال کیے گئے غیر اخلاقی الفاظ پر ترجمان نے کہا کہ یہ بیان غیر سفارتی اور جارحانہ ہےجو بھارت کی اندرونی مایوسی اور کمزور دلائل کا اظہار ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پالیسی تحمل، وقار اور سفارتی رویے پر مبنی ہے اور ایسے بیانات کی بھرپور مخالفت کرتا ہے۔طاہر حسین اندرابی نے واضح کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حقوق کی حمایت جاری رکھے گا اور عالمی برادری کو بھارت کے مظالم سے آگاہ کرتا رہے گا۔
