حکومت آزاد کشمیر تحریک آزادی کشمیر کی سیاسی، سفارتی اور ابلاغی سطح پر بھرپور حمایت جاری رکھے گی ،فیصل راٹھور
اسلام آباد (کشمیر ایکسپریس نیوز)آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے وزیر کشمیر کاز، لنگویجز اینڈ آرٹس محترمہ نبیلہ ایوب نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران تحریک آزادی کشمیر کے تناظر میں جموں و کشمیر لبریشن سیل میں انتظامی اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے بہادر عوام نے بھارت کے ظلم و ستم کے آگے سرنگوں نہیں کیا اور پوری جرات کے ساتھ اپنی تحریک آزادی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے تحریک آزادی کے شہداء کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ لبریشن سیل کو تحریک آزادی کے تناظر میں فعال اور مؤثر کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ آج کا دور سوشل میڈیا کا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ سوشل میڈیا پر اپنے بیانیے کو مزید مضبوط اور مؤثر انداز میں پیش کیا جائے تاکہ دنیا تک کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی اور بھارت کے مظالم کو اجاگر کیا جا سکے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر تحریک آزادی کشمیر کی سیاسی، سفارتی اور ابلاغی سطح پر بھرپور حمایت جاری رکھے گی اور اس مقصد کے لیے تمام اداروں کو مزید متحرک اور مؤثر بنایا جائے گا۔
