ڈیجیٹل اور مالی خواندگی کی تربیت وقت کی ضرورت،سینیٹر روبینہ

ڈیجیٹل اور مالی خواندگی کی تربیت وقت کی ضرورت،سینیٹر روبینہ

 

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد سے VEON گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کان ترزیوگلو، چیف ایگزیکٹو آفیسر جاز ورلڈ عامر ابراہیم اور چیف کارپوریٹ اینڈ ریگولیٹری آفیسر جاز سید ظہیر مہدی نے ملاقات کی۔

 

ملاقات کے دوران بی آئی ایس پی مستحق خواتین کی ڈیجیٹل اور مالی خواندگی، مصنوعی ذہانت کے استعمال، سکل ٹریننگ، اور جدید ڈیجیٹل و سوشل میڈیا کے ذریعے آگاہی مہمات کے فروغ سمیت ادائیگی کے طریقہ کار میں ممکنہ اشتراک پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

اس موقع پر چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ بہتر نتائج کے حصول کیلئے اداروں کے درمیان مؤثر اشتراک نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستحق خواتین کو باعزت اور شفاف انداز میں مالی معاونت کی فراہمی بی آئی ایس پی کی اولین ترجیح ہے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کو سکل ٹریننگ کے ذریعے روزگار کے مواقع فراہم کرنا اور مصنوعی ذہانت کے استعمال سے علاقائی زبانوں میں آڈیو اور ویڈیو ٹیوٹوریلز کے ذریعے ڈیجیٹل اور مالی خواندگی کی تربیت وقت کی ضرورت ہے۔

 

VEON گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کان ترزیوگلو نے بی آئی ایس پی کے اقدامات اور اصلاحات کو سراہتے ہوئے ادارے کے ساتھ مل کر کام کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

 

انہوں نے مصنوعی ذہانت کے استعمال اور مستحق خواتین کی ڈیجیٹل و مالی خواندگی کیلئے مشترکہ ورکشاپس کے انعقاد کی بھی تجویز پیش کی۔ ملاقات میں باہمی تعاون کو فروغ دینے اور مستحق خواتین کی ڈیجیٹل شمولیت بڑھانے کیلئے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.