آزاد کشمیرمیں آئی ٹی، پولٹری اورمیٹ پروسیسنگ کیلئےگرین سگنل

آزاد کشمیر میں صنعتی فروغ: آئی ٹی، پولٹری اور میٹ پروسیسنگ کے لیے گرین سگنل

مظفرآباد(کشمیر ایکسپریس نیوز)آزاد کشمیر میں انڈسٹریل ترقی اور ایز آف ڈوئنگ بزنس کو فروغ دینے کے لیے وزیر اعظم فیصل ممتاز راٹھور کے انقلابی اقدامات

 

حکومت آزادکشمیر نے آئی ٹی، پولٹری( کنٹرول شیڈ) اور میٹ پروسیسنگ کے شعبہ جات کی انڈسٹریل زونز میں کارخانے لگانے کی اجازت دیدی

 

جبکہ سٹیل، فلور ملز اینڈ رائس ہسکنگ ، سٹون کرشر، آئل بلینڈنگ یونٹس اور فوم انڈسٹری کو نگیٹو لسٹ سے خارج کر دیا جسکے بعد ان شعبوں کو بھی باقی صنعتوں کی طرح ٹیکس چھوٹ حاصل ہوگی

 

اس حوالے سے وزیراعظم آزاد کشمیرفیصل ممتاز راٹھور کی زیر صدارت اعلی سطح اجلاس منعقدہواجس میں مشیر برائے صنعت و تجارت سردارفہد یعقوب،صدرآزادجموں وکشمیر چیمبر آف کامرس عمر شہزاد جرال، پرنسپل سیکرٹری برائے وزیراعظم ظفرمحمود خان، سیکرٹری انڈسٹریز سردارعدنان خورشید،محکمہ انڈسٹریز اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی

 

۔ اجلاس میں پاکستان کے سپیشل اکنامک زونز کی طرز پر میرپور سپیشل اکنامک زون کو ڈویلپ کرنے کی منظوری دی گئی جس کے تحت میرپور سپیشل اکنامک زون کو لہری سے خصوصی روڈ انفراسٹرکچر سے ذریعے نیشنل شاہرہ سے منسلک کیا جائیگا جبکہ بجلی کی خصوصی ٹرانسمیشن سمیت تمام لوازمات ترجیحی بنیادوں پر فراہم کر کے سازگار ماحول فراہم کرنے کی منظوری دی گئی۔

 

اس کے ساتھ ساتھ ڈائریکٹر انڈسٹریز کو پلاٹ ٹرانسفر اور ٹریڈ چینج کی منظوری دینے کے اختیارات بھی دیدیے گئےجس سے کاروباری افراد کے بزنس سے متعلقہ معاملات پیچیدگیوں کے بجائے فاسٹ ٹریک بنیادوں پر حل ہونگے ۔

 

آزادجموں وکشمیر میں حکومت کے ان اقدامات کیوجہ سےکاروباری افراد کو بزنس کے لیے سازگار ماحول میسر آئے گا جبکہ ریاست کے ریونیو میں اضافہ ہوگا اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار یہاں بزنس کے لیے راغب ہوں گے۔

 

اجلاس میں سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز (SMEs) کے فروغ، نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور مقامی وسائل سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کے عزم کا اعادہ کیا گیا ۔

 

اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کہ حکومت صنعتی منصوبوں کی مکمل اونرشپ لے گی اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کے ذریعے پالیسیوں پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

 

صنعتی ترقی پائیدار معاشی استحکام کی بنیاد ہے، حکومت کا اولین ہدف ریاست سے بے روزگاری کا خاتمہ اور نوجوانوں کو باعزت روزگار کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔سرمایہ کاری کے فروغ، منافع بخش کاروبار کی بدولت اور عوامی فلاح کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

 

انہوں نے کہا کہ حکومت شفافیت، میرٹ، گڈ گورننس اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے اصولوں کو فروغ دیتے ہوئے آزاد کشمیر کو ایک مضبوط، مستحکم اور صنعتی طور پر ترقی یافتہ خطہ بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

 

دریں اثناء اس حوالے سے آزادجموں وکشمیر چیمبر آف کامرس نے حکومت کے ان اقدامات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ آزاد کشمیر کی بزنس کمیونٹی کے لیے ایک سنہری دن ہے۔آزاد کشمیر میں یہ اقدامات بزنس کمیونٹی کے لیے نہ صرف آسانیاں پیدا کریں گے بلکہ نئی انڈسٹریز کے قیام اور اقتصادی ترقی کے لیے بھی سنگ میل ثابت ہوں گے۔

 

Leave A Reply

Your email address will not be published.