الیکشن کمیشن کاانتخابی فہرستوں کی تیاری، نظرثانی اور تصحیح کے لیے سال 2026 کا نیا شیڈول جاری
مظفرآباد (کشمیر ایکسپریس نیوز)آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے ریاست بھر میں انتخابی فہرستوں (Electoral Rolls) کی تیاری، نظرثانی اور تصحیح کے لیے سال 2026 کا نیا شیڈول جاری کر دیا ہے۔
ترجمان آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق، انتخابی فہرستوں کی حتمی اشاعت 30 اپریل 2026 کو کی جائے گی۔
ڈرافٹ رولز میں نئے اندراجات اور ڈیٹا کی فراہمی کا عمل 24 مارچ سے 07 اپریل تک جاری رہے گا۔نادرا کی جانب سے ابتدائی انتخابی فہرستوں کی فراہمی 10 اپریل تک مکمل ہو گی، جس کے بعد 13 اپریل 2026 کو ابتدائی فہرستیں عوامی معائنے کے لیے شائع کر دی جائیں گی۔
شہری اپنے ناموں کے اندراج، درستگی یا کسی غیر متعلقہ نام پر اعتراض کے لیے اپنی درخواستیں 13 اپریل سے 17 اپریل تک متعلقہ دفاتر میں جمع کروا سکیں گے۔
موصول ہونے والی درخواستوں پر 17 سے 20 اپریل تک سماعت کی جائے گی اور 21 اپریل تک تمام فیصلے رجسٹریشن آفیسرز کو منتقل کر دیے جائیں گے۔تمام ترامیم اور تصحیح کے بعد انتخابی فہرستوں کی حتمی اشاعت 30 اپریل 2026 کو ہو گی
الیکشن کمیشن حکام کے مطابق اس مہم کا مقصد 2022 کی فہرستوں کو مکمل طور پر اپ ڈیٹ کرنا ہے تاکہ تمام حقدار شہریوں کا نام ووٹر لسٹ میں شامل ہو سکے اور آنے والے انتخابات کے لیے شفاف ترین ڈیٹا میسر ہو۔
تمام متعلقہ محکموں بشمول نادرا اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ مقررہ وقت کے اندر تمام مراحل کی تکمیل کو یقینی بنائیں۔
