راجہ عرفان سلیم کی ترقی پر وزیراعظم سے میرپور کے وفد کی ملاقات
اسلام آباد (کشمیر ایکسپریس نیوز)وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور سے ریٹائرڈ ڈی آئی جی پولیس راجہ عرفان سلیم کی بعد از ریٹائرمنٹ ترقی پر اظہارِ تشکر کے لیے زعماء کے ایک وفد نے جموں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔
وفد میں سابق ممبر کشمیر کونسل راجہ علی ذوالقرنین خان، ریٹائرڈ ڈی آئی جی پولیس راجہ عرفان سلیم، سابق وائس چانسلر میرپور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر راجہ حبیب الرحمان، چیئرمین ضلع کونسل راجہ نوید اختر گوگا، ممبر ڈسٹرکٹ کونسل چوہدری بنارس، معروف سیاسی شخصیت چوہدری فاروق منیر، سابق صدور چیمبر آف کامرس چوہدری فیصل منظور اور چوہدری جاوید اقبال، ریٹائرڈ ڈپٹی کمشنر راجہ فضل الرحمان، سابق چیئرمین ایم ڈی اے چوہدری محمد حنیف، انجمن تاجراں کے مرکزی راہنما راجہ خالد محمود خان، راجہ قیصرذوالقرنین خان، میجر (ر) راجہ شہزاد سلیم، سابق ایڈمنسٹریٹر بلدیہ غلام رسول عوامی، حاجی صابر مغل، سابق ڈائریکٹر ایڈمن ایم ڈی اے راجہ کلیم اللہ خان، پروفیسر راجہ ایاز خان، راجہ اعجاز احمد، چوہدری بلال گلزار ایڈووکیٹ، معروف مصنف راجہ اعجاز سلیم اور ریٹائرڈ ایس پی راجہ اظہر اقبال سمیت اہم سیاسی و سماجی شخصیات شامل تھیں۔
وفد نے راجہ عرفان سلیم کو ریٹائرمنٹ کے بعد ڈی آئی جی کے عہدے پر ترقی دینے پر وزیراعظم کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور انہیں گلدستے پیش کیے۔
اس موقع پر وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح میرٹ ہے اور باصلاحیت افراد ہمیشہ اپنی جگہ خود بناتے ہیں۔ حکومت ایسے افسران اور اہل افراد کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گی جنہوں نے اپنی خدمات سے ریاست اور عوام کی خدمت کی مثال قائم کی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ میرٹ، شفافیت اور گڈ گورننس کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے ریاستی اداروں کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے تاکہ عوام کو بہتر طرز حکمرانی فراہم کی جا سکے،ریاستی اداروں کی مضبوطی اور بہتر طرز حکمرانی کے لیے میرٹ اور شفافیت کو ہر سطح پر یقینی بنایا جا رہا ہے۔جو افسران اور اہلکار اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں دیانتداری اور محنت سے ادا کرتے ہیں،
حکومت ہمیشہ ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ راجہ عرفان سلیم نے پولیس سروس میں اپنی طویل مدت کے دوران پیشہ ورانہ مہارت، دیانتداری اور فرض شناسی کا مظاہرہ کیا، جس کی وجہ سے انہیں بعد از ریٹائرمنٹ ڈی آئی جی کے عہدے پر ترقی دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ایسے افسران نوجوان نسل کے لیے ایک مثال ہوتے ہیں جو محنت، لگن اور ایمانداری کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے ہیں۔ حکومت ادارہ جاتی اصلاحات، گڈ گورننس اور عوامی خدمت کے عمل کو مزید موثر بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ ریاستی اداروں کو مضبوط بنانا اور اہل و قابل افراد کو آگے لانا حکومت کی پالیسی کا اہم حصہ ہے۔
وزیراعظم نے وفد کے ارکان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوامی نمائندوں، سماجی شخصیات اور مختلف طبقات کی آراء کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور باہمی مشاورت سے ریاست کی ترقی و خوشحالی کے لیے کام جاری رکھا جائے گا۔ وفد کے ارکان نے وزیراعظم کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کے اقدامات کو سراہا۔
