وزیراعظم کاعوام کوریلیف ،پٹرول80روپے لیٹرکمی کااعلان

وزیراعظم شہباز شریف کو عوام کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے پٹرول کی قیمت میں 80 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان

اسلام آباد(کشمیر ایکسپریس نیوز ) وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے پٹرول کی قیمت میں 80 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کر دیا ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک اس وقت مشکل معاشی حالات سے گزر رہا ہے جبکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں غیر معمولی سطح تک بڑھ چکی ہیں، جس کے اثرات پاکستان پر بھی پڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے پوری کوشش کی ہے کہ قومی وسائل کو بروئے کار لا کر عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔ ان کے مطابق گزشتہ تین ہفتوں کے دوران 129 ارب روپے کی سبسڈی دے کر مہنگائی کے طوفان کو عوام تک پہنچنے سے روکا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا کہ پٹرول کی قیمت میں 80 روپے فی لیٹر کمی کی جا رہی ہے، جبکہ موٹر سائیکل سواروں کو اضافی ریلیف دیتے ہوئے 100 روپے فی لیٹر سبسڈی فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ مال بردار گاڑیوں اور پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے بھی خصوصی سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ بسوں کو ماہانہ ایک لاکھ روپے سبسڈی دی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹرینوں کی اکانومی کلاس کے کرایوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا تاکہ عام آدمی پر بوجھ کم رکھا جا سکے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت عوامی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے اور ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے کہ مہنگائی کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ عالمی سطح پر حالات بہتر ہوں گے اور تیل کی قیمتوں میں استحکام آئے گا۔

خطاب کے اختتام پر وزیراعظم نے کہا کہ قومی وسائل محدود ہونے کے باوجود حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے پرعزم ہے اور آئندہ بھی ایسے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.