کشمیریوں کی قربانیاں تحریک آزادی کی اصل قوت ہیں،وزیر اعظم

کشمیری عوام کی قربانیاں تحریک آزادی کشمیر کی اصل قوت ہیں،وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر فیصل راٹھور

لاہور (کشمیر ایکسپریس نیوز)آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کی قربانیاں تحریک آزادی کشمیر کی اصل قوت ہیں اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام آج بھی اپنے حق خودارادیت کے لیے بے مثال جدوجہد کر رہے ہیں۔

پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس جدوجہد کو اجاگر کریں اور عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کریں۔

لاہور میں مقیم کشمیری کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آزادکشمیر کی موجودہ حکومت ریاست میں ترقی، استحکام اور عوامی خوشحالی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مختصر مدت میں آزادکشمیر بھر میں سینکڑوں ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے ہیں جن کا مقصد عوام کو بہتر بنیادی سہولیات فراہم کرنا اور ریاست کے پسماندہ علاقوں کو ترقی کے دھارے میں شامل کرنا ہے۔

وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ حکومت نے ریاست میں سیاسی سرگرمیوں کو فروغ دیا ہے جس سے جمہوری عمل مضبوط ہوا اور عوام کا سیاسی نظام پر اعتماد بحال ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی مسائل کے حل اور گڈ گورننس کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کشمیری کمیونٹی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بیرون علاقوں میں مقیم کشمیری ہمیشہ اپنے وطن اور قومی کاز کے لیے آواز بلند کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری کمیونٹی نہ صرف تحریک آزادی کشمیر کی سفیر ہے بلکہ وہ ریاست کی تعمیر و ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور آزادکشمیر کے عوام مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی جدوجہد ضرور رنگ لائے گی اور وہ دن دور نہیں جب کشمیر کے عوام اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں گے۔

تقریب کے اختتام پر کشمیری کمیونٹی کے نمائندوں نے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کو آزادکشمیر میں جاری ترقیاتی اقدامات اور تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے ان کے مؤقف پر خراج تحسین پیش کیا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.