ایران، امریکا کو جنگ بندی کا ‘اسلام آباد اکارڈ’ منصوبہ موصول،برطانوی میڈیا کا دعویٰ
لندن(انٹرنیشنل نیوز) برطانوی خبر رساں ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران اور امریکا کو جنگ کے خاتمے کے لیے ایک جامع منصوبہ موصول ہو گیا ہے، جس پر دونوں ممالک غور کر رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی کے لیے دو مراحل پر مشتمل فریم ورک پیش کیا ہے، جس میں پہلے مرحلے میں فوری جنگ بندی اور دوسرے مرحلے میں مستقل معاہدہ شامل ہے۔
منصوبے کے تحت فوری جنگ بندی کے ساتھ آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ پاکستان اس عمل میں مرکزی رابطہ کار کا کردار ادا کر رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق عسکری قیادت نے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے مسلسل رابطے کیے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ممکنہ معاہدے کو “اسلام آباد اکارڈ” کا نام دیا جا رہا ہے، جس کے تحت 45 روزہ جنگ بندی بھی زیر غور ہے۔
اس سے قبل امریکی جریدے ایگزوس نے بھی دعویٰ کیا تھا کہ ثالث ممالک دو مرحلوں پر مشتمل معاہدے پر بات چیت کر رہے ہیں، جس میں ابتدائی طور پر 45 دن کی جنگ بندی اور بعد ازاں مستقل معاہدہ شامل ہوگا۔
ایگزوس کے مطابق اگر مذاکرات میں مزید وقت درکار ہوا تو عارضی جنگ بندی میں توسیع بھی کی جا سکتی ہے۔
ادھر وائٹ ہاؤس اور امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے اس حوالے سے فوری ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم آئندہ 48 گھنٹوں میں کسی بڑی پیشرفت کے امکانات کم بتائے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب وال اسٹریٹ جرنل نے رپورٹ کیا ہے کہ پاکستان، مصر اور ترکیہ ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں، تاہم اب تک کوئی بڑی پیشرفت سامنے نہیں آئی، جبکہ ایران نے آبنائے ہرمز کھولنے کا امریکی مطالبہ مسترد کر دیا ہے۔
