طلبہ کے بیگ ہلکے، والدین کی جیب پر بوجھ کم

طلبہ کے سکول بیگ ہلکے، والدین کی جیب پر بھی بوجھ کم،عوام کا خراج تحسین

مظفر آباد(کشمیر ایکسپریس نیوز)ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری مردانہ مظفر آباد نے ضلع کے تمام بوائز ہائی سکولز، مڈل سکولز اور پرائیوٹ سکولز کے سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ طلبہ کے سکول بیگز کا وزن فوری طور پر کم کیا جائے۔ یہ اقدام وزیر ایلیمنٹری اینڈ سیکینڈری ایجوکیشن آزاد حکومت جموں و کشمیر کی زیر صدارت کیے گئے فیصلوں کے مطابق کیا جا رہا ہے۔

نوٹیفکیشن کے تحت ہر مضمون کی الگ الگ کاپی رکھنے کی بجائے طلبہ کو ایک رجسٹر میں تمام مضامین کا ہوم ورک جمع کرانے کی ہدایت دی گئی ہے، جس کی پڑتال ایک معلم کرے گا اور پھر اسے دوسرے معلم کے پاس بھیج دیا جائے گا۔

اس سے تعلیمی معیار برقرار رہنے کے ساتھ ساتھ طلبہ کا جسمانی بوجھ بھی کم ہوگا۔ مزید برآں، والدین پر مالی بوجھ کو بھی کم کرنے کے لیے کسی بھی سکول یا والدین کو مونوگرام والی نوٹ بک یا رجسٹر استعمال کرنے پر مجبور نہیں کیا جائے گا اور طلبہ یا والدین کسی مخصوص بک ڈپو سے نوٹ بک یا رجسٹر خریدنے کے پابند نہیں ہوں گے۔

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے اس نوٹیفکیشن کو اہم اور فوری نوعیت کا قرار دیتے ہوئے تمام سکولز میں فوری عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔ اس اقدام کا مقصد نہ صرف طلبہ کے تعلیمی مفاد کو برقرار رکھنا ہے بلکہ والدین اور طلبہ پر اضافی مالی اور جسمانی بوجھ کو بھی کم کرنا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.