موسلادھاربارشوں نےموسم بہارکارنگ بدل دیا،دسمبرجیساسماں

موسلا دھار بارشوں نے موسم بہار کا رنگ بدل دیا،دسمبر جیسا سماں،سردی کی شدت ایک بارپھر اضافہ

راولاکوٹ (بیورو رپورٹ)ٹھنڈی ٹھار اور موسلا دھار بارشوں نے موسم بہار کا رنگ بدل دیا ضلع پونچھ بھر میں ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث سردی کی شدت ایک بار پھر بڑھ گئی ہے۔

بہار کے موسم میں دسمبر جیسا سماں ہو گیا ہے اور شہری گھروں تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں، جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات بھی پیدا ہو گئے ہیں

تفصیلات کے مطابق راولاکوٹ اور گردونواح میں وقفے وقفے سے جاری موسلا دھار بارش نے معمولات زندگی کو شدید متاثر کر دیا ہے۔ سرد ہواؤں اور کالی گھٹاؤں نے پورے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، جس کے باعث موسم غیر معمولی طور پر سرد ہو گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بہار کے ایام میں اس قدر شدید سردی غیر معمولی ہے اور اس صورتحال نے انہیں گھروں میں محصور کر دیا ہے۔

دوسری جانب پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات بڑھ گئے ہیں جبکہ ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہونے سے طغیانی کا خطرہ بھی موجود ہے، جس سے نشیبی علاقوں کے مکینوں میں تشویش پائی جا رہی ہے

ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے #

Leave A Reply

Your email address will not be published.