پاکستان کی کامیاب ثالثی تاریخی پیش رفت،فیصل راٹھور

امریکہ ایران جنگ،پاکستان کی کامیاب ثالثی تاریخی پیش رفت،فیصل راٹھور

مظفر آباد (کشمیر ایکسپریس نیوز)وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ ایران جنگ میں پاکستان کی جانب سے عالمی سطح پر کامیاب ثالثی کا کردار ادا کرنا ایک تاریخی پیش رفت ہے،

آج دنیا بھر میں پاکستان کا نام عزت اور وقار کے ساتھ لیا جا رہا ہے، کشمیری پاکستان سے بے پناہ محبت کرتے ہیں ، آزاد کشمیر مذاہبی ہم آہنگی کے لیے ایک مثال ہے مقبوضہ کشمیر کے عوام نے ہمیشہ پاکستان کے پرچم میں دفن ہونا قبول کیا ہے لیکن کبھی بھی بھارت کا تسلط قبول نہیں کیا۔

کشمیریوں کے دلوں سے پاکستان کی محبت کو کوئی نہیں نکال سکتا ، قومی پیغام امن کمیٹی کی تجویز پر معرکہ حق کی تقریبات کے پیش نظر علما و مشائخ کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا ، تحریک تکمیلِ پاکستان ان شاء اللہ جلد اپنے منطقی انجام تک پہنچے گی۔

آپ سب کا یہاں آنا کشمیری عوام کے لیے ایک مضبوط پیغامِ امن ہے، اور ہم آپ کے اس جذبے کو سرہاتے ہیں ۔پاکستان کی کامیاب ثالثی نے نہ صرف خطے میں امن کی راہ ہموار کی بلکہ دنیا بھر میں پاکستان کا وقار بھی بلند کیا،

آج عالمی برادری پاکستان کو ایک ذمہ دار اور امن پسند ریاست کے طور پر تسلیم کر رہی ہے اور پاکستان کا نام عزت و احترام کے ساتھ لیا جا رہا ہے، صدرِ پاکستان، وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی امن، استحکام اور مؤثر سفارتکاری کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں

پاکستان کی بصیرت افروز قیادت نے پاکستان کو عالمی سطح پر ایک مضبوط اور باوقار مقام دلایا ہے، ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے ممتاز عالم دین مولانا طاہر اشرفی کی قیادت میں آئے قومی پیغام امن کمیٹی کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا ۔

وفد میں کوآرڈینیٹر قومی پیغام امن کمیٹی مولانا طاہر اشرفی ، مولانا راغب نعیمی ، مولانا زبیر فہیم ، مولانا یوسف کشمیری ، ڈاکٹر محمد آصف خان قادری، مولانا ضیاء اللہ شاہ بخاری ، علامہ عارف حسین شاہ وحیدی، مولانا زاہد منصور ، علامہ توقیر عباس ، مفتی عبدالرحیم ، مفتی عثمان ، راجیش کمار ، رمیش سنگھ اروڑا و دیگر موجود تھے،

اس موقع پر وزیراطلاعات آزادکشمیر چوہدری رفیق نئیر ، سیاسی معاون خصوصی برائے وزیراعظم آزاد کشمیر سید اعزادار شاہ ، ترجمان وزیر اعظم آزاد کشمیر شوکت جاوید میر ، پی آر او شوکت خاکسار راٹھور سمیت دیگر بھی موجود تھے،

وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے وفد سے گفتگو میں کہا کہ میں آزاد کشمیر اور یہاں کے عوام کی جانب سے قومی پیغامِ امن کمیٹی کے تمام معزز اراکین کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتا ہوں، قومی پیغامِ امن کمیٹی کے تمام معزز اراکین کا یہاں تشریف لانا ہمارے لیے باعثِ اعزاز ہے ،

یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ امن، رواداری اور ہم آہنگی کے لیے سب کا جذبہ دیدنی ہے، انہوں نے کہا کہ مختلف مذاہب اور مسالک سے تعلق رکھنے والے افراد کا ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا انتہائی خوش آئند ہے، یہ نہ صرف بین المذاہب ہم آہنگی کی علامت ہے بلکہ ایک مضبوط اور پرامن معاشرے کی بنیاد بھی ہے،

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ یہاں آمد سے ایک مثبت اور طاقتور پیغام دنیا بھر میں جائے گا کہ کشمیر میں امن، بھائی چارہ اور مسلکی ہم آہنگی قائم ہے، اس موقع پر وزیراعظم نے خاص طور پر سکھ اور ہندو برادری کے نمائندگان کی شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اتحاد اس خطے کے روشن مستقبل کی علامت ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ کشمیر کو پاکستان سے کوئی جدا نہیں کر سکتا کیونکہ کشمیری دل و جان سے بائے چائس پاکستانی ہیں ، یہ ان کا شعوری اور قلبی انتخاب ہے، انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق نے کشمیری عوام کے حوصلوں کو مزید بلند کیا ہے،

ہم نے اس جدوجہد میں بھارت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور دنیا نے بھی اس حقیقت کو تسلیم کیا ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ایران امریکہ جنگ میں پاکستان کی کامیاب ثالثی ہماری اجتماعی کامیابی ہے،

ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئےوزیراطلاعات آزاد کشمیر چوہدری رفیق نئیر نے کہا کہ قومی پیغام امن کمیٹی کے وفد کا آزادکششمیر آنا خوش آئند ہے ، ہمارا مقصد اتحاد و یگانگت کو فروغ دینا ہے ، پاکستان کو امن کا گہوارہ بنائیں گے ، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کاوشوں کی بدولت آج دنیا بھر میں پاکستان کا وقار بڑھا ہے ،

انہوں نے قومی پیغام امن کمیٹی کی طرف سے علما و مشائخ کانفرنس کی تجویز کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ معرکہ حق کی تقریبات کے دوران آزادکشمیر میں گرینڈ علما و مشائخ کانفرنس کروا کر ملک کو محبت و بھائی چارے کا پیغام دیا جائے گا ۔

تقریب کے اختتام پر معروف مذہبی اسکالر ڈاکٹر راغب نعیمی نے ملک و ملت کی سلامتی، کشمیر کی آزادی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعا کروائی ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.