شاہین کوثر ڈار و شگفتہ نورین کا کشمیر ایکسپریس دورہ،کشمیر ایکسپریس کی خدمات کی تعریف، خواتین کے حقوق اور تحریک آزادی کشمیر پر زور
اسلام آباد (کشمیر ایکسپریس نیوز)آزاد جموں و کشمیر میں پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی صدر شاہین کوثر ڈار اور جنرل سیکرٹری شگفتہ نورین نے روزنامہ کشمیر ایکسپریس کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا
جہاں انہوں نے چیف ایڈیٹر زاہد تبسم اور ایڈیٹر شمیم اشرف سے ملاقات کی۔ اس موقع پر معزز مہمانوں کو ادارے کے مختلف سیکشنز کا دورہ بھی کروایا گیا اور ادارتی و پیشہ ورانہ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر خواتین ونگ شاہین کوثر ڈار نے خطاب کرتے ہوئے چیف ایڈیٹر زاہد تبسم اورایڈیٹر شمیم اشرف کی صحافتی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ آزاد کشمیر میں ذمہ دار اور باوقار صحافت کے فروغ میں کشمیر ایکسپریس کا کردار قابلِ ستائش ہے۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا معاشرے کا آئینہ دار ہوتا ہے اور سچائی، دیانتداری اور عوامی مسائل کو اجاگر کرنا ایک بڑی قومی خدمت ہے، جسے کشمیر ایکسپریس بخوبی انجام دے رہا ہے۔
اس کے علاوہ انہوں نے کشمیر ایکسپریس کی تحریک آزادی کشمیر میں مستقل اور شفاف کردار کو سراہا جس نے نہ صرف عوامی شعور بیدار کیا بلکہ کشمیری عوام کے جائز حقوق کے لیے آواز بلند کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔
اس موقع پر جنرل سیکرٹری پاکستان پیپلز پارٹی آزاد خواتین ونگ شگفتہ نورین نے کہا کہ میڈیا خواتین کی آواز کو اجاگر کرنے اور سماجی مسائل کو سامنے لانے میں نہایت اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ خواتین کے حقوق کے تحفظ، ان کے بااختیار بنانے اور ان کی نمائندگی بڑھانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
شگفتہ نورین نے مزید کہا کہ میڈیا کے ساتھ مضبوط تعاون کے ذریعے خواتین کے مسائل کو اجاگر کرنا اور انہیں قومی سطح پر موثر انداز میں پہنچانا ممکن ہے، اور اس سلسلے میں کشمیر ایکسپریس کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔
آخر میں چیف ایڈیٹر وصدر اے کے این ایس زاہد تبسم اور ایڈیٹر شمیم اشرف نے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کشمیر ایکسپریس ہمیشہ مثبت، ذمہ دار اور عوامی مفاد پر مبنی صحافت کے لیے کوشاں رہے گا۔
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ادارہ آئندہ بھی معاشرتی مسائل، بالخصوص خواتین کے حقوق اور عوامی آواز کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ کشمیر کی تحریک آزادی اور عوامی شعور بیدار کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔
