کوٹلی میں سردار عبد القیوم نیازی کا پاور شو، عمران خان کے حق میں بھرپور اعلان اور بڑی سیاسی شمولیتیں
کوٹلی(کشمیر ایکسپریس نیوز) پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر سردار عبد القیوم نیازی کے ضلع کوٹلی کے تفصیلی دورے نے سیاسی فضا کو یکسر بدل کر رکھ دیا پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کا جوش و جذبہ عروج پر دکھائی دیا۔
حلقہ سٹی کوٹلی کی یونین کونسل سروٹہ آمد پر نوجوان رہنما چوہدری رفیق کی قیادت میں ان کا شاندار اور والہانہ استقبال کیا گیاکارکنان نے جگہ جگہ پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے فقید المثال استقبال کیا ۔
اس موقع پر منعقدہ تاریخ ساز ورکرز کنونشن میں کارکنان نے عمران خان کے ساتھ آئندہ انتخابات میں ڈٹ کر کھڑے رہنے کا عزم کیاجبکہ مرکزی نائب صدر چوہدری بشیر گورسی، مرکزی جوائنٹ سیکرٹری چوہدری ظفر انور، ضلعی صدر ملک نثار اور جاوید نذیر بڑالوی سمیت دیگر قائدین بھی ہمراہ تھے۔
دورے کے دوران تھلیر کالونی میں پی ٹی آئی کو بڑی سیاسی کامیابی بھی حاصل ہوئی جہاں جاوید نذیر بڑالوی کی قیادت میں ملک طارق تھلیروی، ملک سبطین، مجتبیٰ، راجہ فیاض، وصی اللہ، اصغر، نجم الحسن، کاشف اور دیگر درجنوں افراد و خاندانوں نے دیگر جماعتوں کو چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی جنہیں سردار عبد القیوم نیازی نے پارٹی مفلر پہنا کر خوش آمدید کہا۔
ضلع کوٹلی کے حلقہ سٹی میں منعقدہ بڑے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے صدر پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر وسابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے انتہائی جارحانہ اور دوٹوک انداز اپناتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو حقیقی آزادی کے بیانیے اور Absolutely Notکے تاریخی مؤقف کی سزا دی جا رہی ہےوہ آج جیل میں قید تنہائی صرف اپنی ذات کیلئے نہیں بلکہ آنے والی نسلوں اور پاکستان کے روشن مستقبل کیلئے برداشت کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان وہ واحد لیڈر ہیں جنہوں نے عالمی سطح پر اسلاموفوبیا کے خلاف آواز بلند کی اور اقوام متحدہ میں اس کے خلاف دن منوانے کی قرارداد منظور کروا کر امت مسلمہ کا سر فخر سے بلند کیا مگر افسوس کہ ایسے مخلص اور نڈر لیڈر کو بے گناہ قید میں رکھا گیا ہے۔
انہوں نے کارکنان سے سوال کیا کہ کیا ملک اس وقت ترقی کی راہ پر گامزن ہے؟ کیا معیشت مستحکم ہو رہی ہے؟ اور کیا عوام کو ریلیف مل رہا ہے؟ انھوں نے کہا کہ عمران خان کے بغیر پاکستان کی ترقی کا خواب کبھی پورا نہیں ہو سکتاوہی واحد لیڈر ہیں جو قوم کو حقیقی معنوں میں خودمختاری، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر ڈال سکتے ہیں۔
سردار عبد القیوم نیازی نے روایتی سیاسی جماعتوں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں، دونوں جماعتوں نے ماضی میں بار بار اقتدار میں آ کر عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا، نہ ان کے پاس کوئی واضح منشور ہے اور نہ ہی عوامی مسائل کے حل کا کوئی پروگرام۔
انہوں نے کہا کہ وقت آ چکا ہے کہ قوم فیصلہ کرے کہ وہ کرپٹ اور فرسودہ نظام کے ساتھ کھڑی ہے یا ایک خوددار اور آزاد پاکستان کے ساتھ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ انتخابات میں عوام ان روایتی جماعتوں کو عبرتناک شکست دے کر پاکستان تحریک انصاف کو کامیاب بنائیں گے۔
انہوں نے کارکنان کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ کوٹلی کے عوام نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ عمران خان کے بیانیے کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں، یہی جذبہ حقیقی آزادی کی تحریک کو کامیابی سے ہمکنار کرے گا۔
انہوں نے کارکنان کو ہدایت کی کہ وہ گھر گھر جا کر عمران خان کا پیغام پہنچائیں عوام کو موجودہ حالات سے آگاہ کریں اور آنے والے وقت کیلئے خود کو بھرپور طریقے سے تیار رکھیں کیونکہ فیصلہ کن معرکہ قریب ہے اور فتح صرف حق اور سچ کی ہو گی
