نیشنل سپیشل اولمپکس،کائس میرپور کے سپیشل کھلاڑی اسلام آباد روانہ
میرپور (کشمیر ایکسپریس نیوز)کائس میرپور کے سپیشل کھلاڑی نیشنل سپیشل اولمپکس میں شرکت کے لیے اسلام آباد روانہ۔ کمشنر میرپور ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر میرپور نے سپیشل بچوں کو رخصت کیا۔
سپیشل اولمپکس 14 سے 17 مئی 2026 کو اسلام آباد میں ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق سپیشل بچوں کے ادارے کائس کے سپیشل کھلاڑی نیشنل سپیشل اولمپکس 2026 میں شرکت کے لیے اسلام آباد روانہ ہو گئے ہیں۔ سپیشل اولمپکس پاکستان کے زیر اہتمام منعقدہ اس میگا ایونٹ کی افتتاحی تقریب کل شام سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں ہوگی۔
جس میں پاکستان کے چاروں صوبوں کے علاوہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے سپیشل کھلاڑی شریک ہوں گے۔ کائس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر امجد انصاری کے مطابق کائس کے سپیشل کھلاڑی پہلے مرحلے میں 100 میٹر، 200 میٹر، لانگ جمپ اور ریلے ریس میں شریک ہوں گے جبکہ دوسرے مرحلے میں کائس کے کھلاڑی پاور لفٹنگ اور سائیکلنگ میں قسمت آزمائی کریں گے۔
کائس کے ان سپیشل کھلاڑیوں کو والدین اور ٹیچرز کے علاوہ کمشنر میرپور ڈویژن راجہ طاہر ممتاز خان اور ڈپٹی کمشنر میرپور چوہدری ساجد اسلم اور میرپور کے صحافیوں نے نیک خواہشات کے ساتھ رخصت کیا۔ اس موقع پر کمشنر میرپور ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر میرپور نے سپیشل کھلاڑیوں کے جذبے اور ہمت کی داد دی۔
کائس کے یہ سپیشل کھلاڑی اس سے پہلے بھی قومی اور بین الاقوامی سطح پر آزاد کشمیر اور پاکستان کا نام روشن کر چکے ہیں۔ سپیشل اولمپکس نیشنل گیمز 2026 کی رنگارنگ افتتاحی تقریب کل سہ پہر جناح سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد کے سبزہ زار میں منعقد ہوگی۔
جس میں سپیشل اولمپکس پاکستان کے علاوہ پاکستان سپورٹس بورڈ کے اعلیٰ عہدیداران شریک ہوں گے۔ جبکہ اختتامی تقریب 17 مئی کی شام کو منعقد ہوگی۔ آزاد کشمیر کے یہ سپیشل کھلاڑی حوصلے، لگن اور جیت کے جذبے کے ساتھ اسلام آباد روانہ ہوئے ہیں اور انشاء اللہ بہتر نتائج کے ساتھ واپس لوٹیں گے۔
