آزاد کشمیر ووٹر فہرستوں کی غلطیاں،الیکشن کمیشن کا ایکشن

آزاد کشمیر میں ووٹر فہرستوں کی غلطیوں پر الیکشن کمیشن کا ایکشن، دوبارہ جانچ شروع

مظفرآباد (کشمیر ایکسپریس نیوز)مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2026 کے لیے تیار کی جانے والی ووٹر فہرستوں میں سامنے آنے والی غلطیوں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فہرستوں کی دوبارہ جانچ اور تصحیح کا عمل شروع کر دیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق انتخابی فہرستوں کی نظرثانی، ترمیم اور درستگی کے لیے یکم اپریل 2026 کو کوالیفائنگ تاریخ مقرر کی گئی تھی جبکہ ووٹر لسٹوں کی تیاری کا عمل 18 اپریل سے شروع ہوا۔ اس دوران رجسٹریشن افسران کو فوت شدگان کے نام خارج کرنے اور اہل ووٹرز کا اندراج یقینی بنانے کی ہدایات دی گئی تھیں۔

پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ غیر حتمی انتخابی فہرستوں کے جائزے کے دوران متعدد سنگین غلطیاں سامنے آئیں۔ مختلف سیاسی جماعتوں اور شہریوں نے شکایات درج کروائیں کہ کئی علاقوں میں ووٹ کم درج ہوئے، بعض ووٹرز کے نام دوسرے اضلاع یا مواضعات میں منتقل ہو گئے جبکہ کئی اہل ووٹرز کے نام فہرستوں سے غائب پائے گئے۔

صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے الیکشن کمیشن نے ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے افسران کا اجلاس طلب کیا اور ڈپٹی کمشنر باغ کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کر دی، جسے ووٹر فہرستوں میں پائی جانے والی خامیوں کی تحقیقات اور ذمہ دار عوامل کا تعین کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

چیف الیکشن کمشنر، ممبران الیکشن کمیشن اور سیکرٹری الیکشن کمیشن نے چیئرمین نادرا سے بھی ملاقات کی، جہاں معلومات کے تبادلے کے بعد شکایات کو درست قرار دیا گیا۔

الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ حتمی اشاعت سے قبل ووٹر فہرستوں کا سافٹ فارم تمام رجسٹریشن افسران کو دوبارہ بھجوایا جائے گا تاکہ ہر اندراج کی تصدیق کی جا سکے اور کسی بھی غلطی کو فوری درست کیا جا سکے۔

کمیشن نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ رجسٹریشن دفاتر سے رابطہ کر کے اپنے ووٹ کی درستگی چیک کریں تاکہ کوئی اہل ووٹر حق رائے دہی سے محروم نہ رہ جائے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.