مظفرآباد کی تاریخ کا سب سے بڑا بنو قابل انٹری ٹیسٹ کل ہوگا

مظفرآباد کی تاریخ کا سب سے بڑا “بنو قابل” انٹری ٹیسٹ کل ہوگا، حافظ نعیم الرحمن اور ڈاکٹر مشتاق کا خصوصی خطاب

مظفرآباد (کشمیر ایکسپریس نیوز ) آزاد کشمیر کے ایک لاکھ نوجوانوں کو “بنو قابل” پروگرام کے تحت مفت جدید آئی ٹی (IT) سکلز سکھانے کے لیے منگل کو مظفرآباد کی تاریخ کا سب سے بڑا اور تاریخی انٹری ٹیسٹ منعقد ہو رہا ہے۔

اس عظیم الشان پروگرام میں جماعت اسلامی پاکستان کے امیر انجینئر حافظ نعیم الرحمن اور امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر و گلگت بلتستان ڈاکٹر محمد مشتاق خان خصوصی شرکت اور خطاب کریں گے۔

ترجمان جماعت اسلامی ازاد کشمیر کے مطابق، یہ تاریخی پروگرام منگل کو دوپہر 3:30 بجے چہلہ یونیورسٹی گراؤنڈ میں منعقد ہوگا، جس میں رجسٹریشن کرانے والے ہزاروں طلبہ اور طالبات (نوجوان بچے اور بچیاں) انٹری ٹیسٹ میں شریک ہوں گے۔

انٹری ٹیسٹ کے فوری بعد، نوجوانوں کی دلچسپی، رحجان اور تعلیمی قابلیت کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں آئی ٹی کے مختلف جدید کورسز کے لیے مدعو کیا جائے گا۔ ترجمان نے اپنے بیان میں نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ اس سنہرے موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ یہ پروگرام کسی خاص طبقے کے لیے نہیں بلکہ بلا تفریقِ سیاسی جماعت، فرقہ اور مسلک، ریاست کے تمام نوجوانوں کے لیے ہے۔ اس منصوبے کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو جدید آئی ٹی سکلز سکھا کر ہنرمند بنانا اور انہیں اس قابل بنانا ہے کہ وہ گھر بیٹھے آن لائن ٹریڈنگ اور دیگر ڈیجیٹل ذرائع سے باعزت روزگار کما سکیں اور اپنے خاندان کا نظامِ زندگی وقار کے ساتھ چلا سکیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.