مظفرآباد(سٹاف رپورٹر)آزاد جموں و کشمیر بار کونسل نے ریاست میں موجودہ کشیدہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت آزاد کشمیر اور جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (JAAC) کو 5 جون 2026 کو مظفرآباد میں مشترکہ مذاکراتی نشست میں شرکت کی دعوت دے دی ہے۔
بار کونسل کے وائس چیئرمین ہارون ریاض مغل ایڈووکیٹ کی جانب سے وزیراعظم آزاد کشمیر اور عوامی ایکشن کمیٹی کی قیادت کے نام جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ریاست میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ممکنہ ناخوشگوار نتائج سے بچنے کے لیے بار کونسل اپنی آئینی اور اخلاقی ذمہ داری ادا کرنا چاہتی ہے۔
مراسلے کے مطابق بار کونسل حکومت آزاد کشمیر اور جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان فوری مفاہمت اور بامقصد مذاکرات کی خواہاں ہے تاکہ موجودہ صورتحال کا باوقار، پائیدار اور عوامی مفاد میں حل تلاش کیا جا سکے۔
اس مقصد کے لیے بار کونسل نے 5 جون کو مظفرآباد میں خصوصی اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور بطور غیرجانبدار ثالث دونوں فریقین کے درمیان مشترکہ نشست کی میزبانی کی پیشکش کی ہے۔
بار کونسل نے امید ظاہر کی ہے کہ دونوں فریق تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مذاکراتی عمل میں شریک ہوں گے، جس سے کشیدگی میں کمی، باہمی اعتماد کی بحالی اور مسئلے کے پرامن حل کی راہ ہموار ہوگی۔
بار کونسل نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ مکمل غیرجانبداری کے ساتھ تعمیری مکالمے کے فروغ اور مفاہمتی عمل کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔ بار کونسل نے دونوں فریقین سے مثبت جواب اور شرکت کی تصدیق کی درخواست بھی کی ہے۔
