ہزاروں لوگ سڑکوں پرموجود،طاقت کااستعمال قبول نہیں،قیوم نیازی

مظفرآباد (کشمیر ایکسپریس نیوز)صدر پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر و سابق وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہا ہے کہ ‏حکومت اور ایکشن کمیٹی کے درمیان مذاکرات کی بحالی کی اطلاعات خوش آئند ہیں

۔حکومت فوری طور پر ایکشن کمیٹی کو کالعدم قرار دینے سمیت تمام سخت اقدامات واپس لے اور اعتماد سازی کی فضا پیدا کرے تاکہ خطے کو کسی بڑے انسانی سانحے سے بچایا جا سکے۔طاقت کا استعمال ہرگز قابل قبول نہیں

ہزاروں شہری سڑکوں پر موجود ہیں، انہیں محض اختلافِ رائے کی بنیاد پر بھارتی ایجنٹ قرار دینا حقائق کے منافی ہے۔ وفاقی وزرا کے غیرسنجیدہ بیانات نے قومی مؤقف کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔

آزاد کشمیر کی حساسیت کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ۔انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ‏وفاقی وزراء کا غیر ذمہ دارانہ رویہ اور اشتعال انگیز بیان بازی اس حساس وقت میں جلتی پر تیل کا کام کر رہی ہے، جس سے دوریاں مٹنے کے بجائے مزید بڑھ رہی ہیں۔

ریاست کو اب یہ حقیقت تسلیم کرنا ہوگی کہ بندوق، جبر اور مقامی قیادت کو “غیر ملکی ایجنٹ” قرار دینے کا بیانیہ مسائل کا حل نہیں، بلکہ حالات کو مزید بگاڑ کی طرف دھکیلنے کا راستہ ہے۔

ایسے نازک موڑ پر طاقت کا استعمال یا پروپیگنڈا صرف ان عناصر کو فائدہ پہنچائے گا جو نفرتوں کے کاروبار سے اپنے مفادات حاصل کرنا چاہتے ہیں ملک و قوم کو کسی بڑے بحران سے بچانے کا واحد حل یہی ہے کہ حکومت فوری طور پر ہوش کے ناخن لے

، طعن و تشنیع کا سلسلہ بند کرے اور ایکشن کمیٹی کے ساتھ کیے گئے معاہدوں پر خلوصِ نیت اور سنجیدگی سے عملدرآمد کرتے ہوئے براہِ راست مذاکرات کے ذریعے امن و استحکام کا راستہ ہموار کرے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.