آزاد کشمیر انتخابات،سرکاری ملازمین کی پولنگ کا مرحل مکمل

مظفرآباد(کشمیر ایکسپریس نیوز) آزادجموں وکشمیرقانون ساز اسمبلی کےعام انتخابات 2026 کے سلسلہ میں سرکاری ملازمین کی پولنگ کا مرحلہ پرامن طور پر مکمل ہو گیا۔ پلندری اور راولاکوٹ کے علاوہ تمام اضلاع میں پولنگ کا انعقاد کیا گیا تھا۔ چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں کشمیر جسٹس( ر) غلام مصطفیٰ مغل، سینئر ممبر الیکشن کمیشن خواجہ محمد احسن، ممبر الیکشن کمیشن سید نظیر الحسن گیلانی اور سیکرٹری الیکشن کمیشن راجہ محمد شکیل خان نے دارلحکومت مظفرآباد میں قائم علی اکبر اعوان ہاںٔی سکول، سہیلی سرکار سکول، یونیورسٹی کیمپس چہلہ بانڈی اور ڈگری کالج پولنگ سٹیشنز کا دورہ کیا۔ چیف الیکشن کمشنر نےسرکاری ملازمین کی پولنگ اور سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عام انتخابات 27 جولائی کو اپنے مقررہ وقت پر ہی منعقد ہوں گے۔ انتخابات کےلیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ کسی بھی صورت الیکشن پراسس سبوتاژ نہیں ہونے دیں گے سیکورٹی کے مکمل اور معقول انتظامات کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن ڈیوٹی دینے والے ملازمین کی پولنگ کا مرحلہ پرامن طور پر مکمل کر لیا گیا ہے اسی طرح 27 جولائی کو عام انتخابات کے دن بھی پولنگ کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ آج سرکاری ملازمین نے بھرپور انداز میں اپنا حق رائے دہی استعمال کیا ہے۔ سینئر ممبر الیکشن کمیشن نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عام انتخابات 2026 کے اس ابتدائی مرحلہ میں ووٹرز بھرپور انداز میں انتخابی عمل میں حصہ لے رہے ہیں جو خوش آئند ہے۔ الیکشن کمیشن نے انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے سیکورٹی سمیت تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ 27 جولائی پولنگ ڈے کے لیے تمام تیاریاں مکمل ہیں۔ ممبر الیکشن کمیشن سید نظیر الحسن گیلانی نےکہا کہ الیکشن ڈیوٹی دینے والے ملازمین کی پولنگ کے تسلی بخش انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولنگ عملہ جانفشانی سے کام کررہاہے ہے پولنگ ایجنٹس اور ووٹرز مطمئن ہیں۔ پورے آزاد کشمیر کے ریٹرننگ افسران سے رابطہ کیا ہے تمام اضلاع میں پولنگ کا عمل پرامن طریقے سے جاری ہے۔ سرکاری ملازمین کی پولنگ کے بیلٹ باکس سیل ہوکر ریٹرننگ افسران کی تحویل میں دئیے جائیں گے۔ آج کی پولنگ کی گنتی اور نتائج عام انتخابات کے ساتھ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ 27 جولائی کو عام انتخابات کیلئے پولنگ ہونی ہے جس کے لیے تمام ریٹرننگ افسران کے پاس بیلٹ پیپرز پہنچ چکے ہیں۔ جو لوگ ووٹ کاسٹ کرنے کیلئے آںٔیں گے انھیں الیکشن کمیشن کی طرف سے تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ پولنگ کے حوالے سے کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ راولاکوٹ اور سدھنوتی میں آج بعض سیکورٹی وجوہات کی وجہ سے پولنگ موخر کی گئی ہے۔ ایک دو روز میں راولاکوٹ اور پلندری کے لیے بھی شیڈول کا اعلان ہوجائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.