صاف اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد ہمارا مشن،طاہر ممتاز

میرپور (کشمیر ایکسپریس نیوز)کمشنر میرپور ڈویژن راجہ طاہر ممتاز خان نے آزاد کشمیر الیکشن 2026 کے پہلے مرحلے کے سلسلہ میں میرپورکے مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا اور پولنگ کے عمل، انتظامی امور، سکیورٹی انتظامات اور عوامی سہولیات کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر ڈی آئی جی میرپور کامران علی اور ایس ایس پی میرپور خرم اقبال بھی کمشنر میرپور ڈویژن کے ہمراہ موجود تھے ، کمشنر میرپور ڈویژن نے پولنگ اسٹیشنز پر انتخابی عملے کی کارکردگی اور سکیورٹی انتظامات کا بھی معائنہ کیا۔

مختلف پولنگ اسٹیشنز کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کمشنر میرپور ڈویژن راجہ طاہر ممتاز خان نے کہا کہ میرپور ڈویژن کے تینوں اضلاع میرپور، بھمبر اور کوٹلی میں پولنگ کا عمل پرامن ماحول میں جاری ہے۔ ڈویژن بھر میں امن و امان کی صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے

تینوں اضلاع میں سکیورٹی انتظامات تسلی بخش ہیں۔ پولنگ اسٹیشنز اور ان کے اطراف سکیورٹی کے مؤثر انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سکیورٹی ادارے مکمل طور پر متحرک اور الرٹ ہیں،

کمشنر میرپور ڈویژن نے کہا کہ میرپور ڈویژن کے تمام اضلاع میں انتظامیہ اور سکیورٹی اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ اور بہترین کوآرڈینیشن قائم ہے۔ پولنگ اسٹیشنز پر تعینات سکیورٹی اہلکار اپنے فرائض احسن انداز میں انجام دے رہے ہیں جبکہ پولنگ کے عمل کے دوران کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل ہیں،

کمشنر میرپور ڈویژن راجہ طاہر ممتاز خان نے کہا کہ عوام اطمینان کے ساتھ اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر رہے ہیں ، انتخابی عمل کی نگرانی اور انتظامات کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے۔ پولنگ کے عمل میں عوام کی بھرپور شرکت خوش آئند ہے ،

ڈویژن بھر میں پولنگ کے دوران کسی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع نہیں ہے۔راجہ طاہر ممتاز خان نے کہا کہ بہترین ٹرن آؤٹ کی توقع ہے ، صاف، شفاف اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد ہمارا مشن ہے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بلاخوف و خطر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں۔ پرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام متعلقہ ادارے مربوط انداز میں کام کر رہے ہیں ، میرپور ڈویژن بھر میں پرامن و شفاف انتخابات کا انعقاد انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے جس کے لیے بھرپور اقدامات اٹھائے گے ہیں ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.