مظفرآباد (کشمیر ایکسپریس نیوز) آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن نے حلقہ ایل اے 14 دھیرکوٹ سے امیدوار اسمبلی ساجد اقبال عباسی اور حلقہ ایل اے 17 حویلی سے فیصل ممتاز راٹھور کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق تمام قانونی و انتخابی مراحل کی مکمل چھان بین اور نتائج کی حتمی تصدیق کے بعد دونوں حلقوں کے کامیاب امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفکیشن ہفتہ کے روز جاری کیا گیا۔ ساجد اقبال عباسی عوامی دست و بازو پارٹی کے سربراہ ہیں، جنہوں نے حلقہ ایل اے 14 باغ ایک سے مسلم کانفرنس کے صدر اور سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔ دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور موجودہ وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور حلقہ ایل اے 17 باغ چار سے مسلم لیگ ن کے امیدوار چوہدری محسن عزیز کو شکست دے کر کامیاب قرار پائے ہیں۔ تاہم حلقہ ایل اے 17 حویلی کے انتخابی نتائج پر اعتراضات بھی سامنے آئے تھے۔ مسلم لیگ ن کے امیدوار چوہدری محسن عزیز نے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کرتے ہوئے فیصل ممتاز راٹھور پر سنگین انتخابی دھاندلی کے الزامات عائد کیے تھے۔ ان کا مؤقف تھا کہ 15 پولنگ اسٹیشنز پر فارم 24 میں مبینہ ٹمپرنگ کی گئی، اس لیے دوبارہ گنتی کرائی جائے۔ انہوں نے کہا تھا کہ اگر دوبارہ گنتی کے ذریعے کامیابی حاصل نہ کرسکا تو سیاست کو خیرباد کہہ دوں گا۔ حلقہ ایل اے 17 کے تیسرے امیدوار خواجہ طارق سعید، جو آزاد حیثیت سے انتخابات میں حصہ لے رہے تھے، نے بھی الیکشن کمیشن سے رجوع کرتے ہوئے فیصل ممتاز راٹھور پر دھاندلی کے الزامات عائد کیے تھے۔ ان کی جانب سے ہزاروں مہربند ووٹ غائب ہونے کی شکایت بھی کی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے دونوں امیدواروں کی درخواستوں پر فیصلہ تاحال مؤخر کر رکھا ہے، تاہم ان درخواستوں پر حتمی فیصلہ آنے سے قبل ہی متنازع حلقہ حویلی سے کامیاب قرار دیے گئے امیدوار فیصل ممتاز راٹھور کا کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، جس پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
Sign in
Sign in
Recover your password.
A password will be e-mailed to you.
