ایس ایس پی پونچھ کا ویمن پولیس اسٹیشن راولاکوٹ کا دورہ، خواتین شکایات کے فوری حل کی ہدایات
راولاکوٹ(کشمیر ایکسپریس نیوز)سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس پونچھ خاور علی شوکت نے ویمن پولیس اسٹیشن راولاکوٹ کا باقاعدہ سرکاری دورہ کیا، جہاں انہوں نے خواتین پولیس اسٹیشن کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور عملے سے ملاقات کرکے جاری مقدمات اور عوامی مسائل کے لئے دی جانے والے خدمات پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر انہیں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اس سال اب تک 157 شکایات موصول ہوئی ہیں جن میں سے 10 ایف آئی آرمناسب کارروائی کے بعد درج کی گئی ہیں جبکہ گزشتہ دو سالوں کے دوران اس پولیس اسٹیشن نے کل722 شکایات کو نمٹایا ہے، جس کے نتیجے میں 43 ایف آئی آرز درج ہوئیں۔
ایس ایس پی خاور علی شوکت نے پولیس افسران وملازمین کی پیشہ ورانہ خدمات اور کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ بہتر حکمت عملی کے باعث خواتین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔
انہوں نے خواتین سمیت دیگر مسائل کے حل کے لئے بھی ہدایات دیں کہ پولیس کا عوام کے ساتھ رویہ نہایت ہی اہمیت کا حامل ہونا چاہیے۔ اس حوالے سے شکایات کنندگان کی شکایات توجہ سے سنی جائیں۔
انہوں نے عملے کو ہدایت کی کہ وہ شکایت کنندگان کے ساتھ شائستگی کے ساتھ پیش ہوں اور ان کی ہر ممکن قانونی مدد کی جائے۔پولیس اسٹیشن میں آنے والی خواتین کے بیٹھنے کے لئے سازگار ماحول فراہم کیا جائے اس حوالے سے مقدمات کو میرٹ کے مطابق جلد از جلد نمٹایا جائے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ ایس ایس پی خاور علی شوکت وہ پہلے پولیس افسر ہیں جنہوں نے خواتین کے مسائل کو زیادہ مؤثر طریقے سے حل کرنے کے لیے ایک قابل رسائی اور وقف سہولت کی ضرورت کو تسلیم کرتے ہوئے راولاکوٹ میں خواتین پولیس اسٹیشن کے قیام کی باضابطہ سفارش کی۔
یہ دورہ خواتین پر مرکوز پولیسنگ خدمات کو مضبوط بنانے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں میں عوامی اعتماد کو بہتر بنانے کے لیے محکمہ پولیس کے عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔

Comments are closed.