پسماندگی کے خاتمے کاعملی آغاز،ترقی کے ریکارڈمنصوبے

پسماندگی کے خاتمے کا عملی آغاز، ترقی کے ریکارڈ منصوبے،صدر پی ٹی آئی آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے یونین کونسل تاہی میں دو میگا لنک روڈز کا افتتاح کر دیا

 

تاہی ، تتہ پانی()تاہی ، تتہ پانی میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گیا۔ صدر پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر اور سابق وزیر اعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے اپنے حلقے کے پسماندہ علاقے یونین کونسل تائی میں ترقی کے نئے دور کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے کھکرالی کالونی تا کالا ناڑ لنک روڈ (منصوبہ لاگت 2 کروڑ 84 لاکھ روپے) اور اندروٹھ سیداں لنک روڈ (منصوبہ لاگت 2 کروڑ 82 لاکھ روپے) کا افتتاح کر دیا۔

 

ان منصوبوں سے نہ صرف عوام کو آمدورفت کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی بلکہ علاقائی معیشت اور روزمرہ زندگی میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔

 

افتتاحی تقریب میں سینئر رہنما پی ٹی آئی ملک الطاف، سینئر وکیل راجہ سکندر ایڈووکیٹ، راجہ جاوید ایڈووکیٹ، ممبر مجلس عاملہ سردار وحید، لوکل کونسلر سردار عمران، کونسلر سرداد رحمان، کونسلر اصغر سمیت دیگر سیاسی و سماجی زعماء اور اہلیان علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

 

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ پسماندگی کا خاتمہ میرا مشن اور خواب ہے جسے ہر صورت پورا کروں گا۔

 

انہوں نے کہا کہ اپنے دورِ اقتدار میں فنڈز کی مساویانہ تقسیم کو یقینی بنایا اور کسی بھی علاقے کو نظرانداز نہیں کیا گیا، آئندہ بھی ترقیاتی فنڈز کی منصفانہ تقسیم جاری رہے گی۔

 

سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ پسماندہ علاقوں کی ترقی میری اولین ترجیح رہی ہے ۔ کسی بھی علاقے کے ساتھ ناانصافی نہیں کی گئی اور آئندہ بھی یہی پالیسی برقرار رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حقیقی ترقی وہی ہوتی ہے جو عام آدمی کی زندگی میں آسانی پیدا کرے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ اس حلقے میں ماضی میں ریکارڈ ترقیاتی کام کیے گئے جن میں عباسپور میں دو پوسٹ گریجویٹ کالجز، ریسکیو 1122 سنٹر کا قیام، منڈھول نیابت، بٹل پی ایچ یو، درہ بی ایچ یو اور درہ شیر خان کی سات کلومیٹر طویل مین سڑک شامل ہیں جن کا مقصد صحت، تعلیم اور ایمرجنسی سہولیات کو عوام کی دہلیز تک پہنچانا تھا۔

 

ان منصوبوں کی بدولت آج حلقے کے عوام کو بنیادی سہولیات میسر آ رہی ہیں جو ماضی میں ایک خواب تھیں۔صدر پی ٹی آئی آزاد کشمیر نے اعلان کیا کہ آنے والے دنوں میں بڑے تعلیمی پیکج بھی آنے والاہے جو تعلیمی نظام میں موجود کمزوریوں کو دور کیا جائے گا

 

اساتذہ اور طلبہ کو جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی اور نوجوانوں کو بااختیار بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت پر سرمایہ کاری دراصل قوم کے مستقبل پر سرمایہ کاری ہے۔

 

آخر میں سردار عبدالقیوم نیازی نے واضح کیا کہ پاکستان تحریک انصاف وعدوں کی سیاست نہیں بلکہ عملی کارکردگی پر یقین رکھتی ہے اور ترقی کا یہ سفر کسی صورت نہیں رکے گا۔

 

انہوں نے کہا کہ حلقے کے عوام نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر پورا اترتے ہوئے مزید میگا منصوبے دیے جائیں گے اور ان شاء اللہ اس علاقے کی پسماندگی کو ہمیشہ کے لیے ختم کر دیا جائے گا۔

Comments are closed.