وزیراعظم آزاد حکومتِ ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی زیر صدارت ایک اہم جائزہ اجلاس
کوٹلی (کشمیر ایکسپریس نیوز)وزیراعظم آزاد حکومتِ ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی زیر صدارت ایک اہم جائزہ اجلاس پیر کے روز ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا
جس میں ضلع کوٹلی میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں، امن و امان، تعلیم، صحت، تجاوزات، پارکنگ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، سیاحت اور بنیادی شہری سہولیات سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں صدر پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر چوہدری محمد یاسین، وزرا کرام جاوید اقبال بڈھانوی، ملک ظفر اقبال، وزیر اطلاعات و اوقاف چوہدری محمد رفیق نئیر، وزیر مال چوہدری محمد اخلاق، وزیر بلدیات عامر یاسین چوہدری ،کمشنر میرپور ڈویژن ،ڈی آئی جی میرپور ریجن ،پی ایس او ٹو پی ایم عثمان ممتاز بٹ ،ڈپٹی کمشنر راجہ عمران شاہین ،ایس پی عدیل احمد لنگڑیال اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، پولیس کی نفری میں کمی، خواتین کے لیے الگ تھانے کے قیام، شاہرات، لوکل گورنمنٹ کے امور اور تجاوزات کے مسئلے پر تفصیلی غور کیا گیا۔
وزیراعظم کو سیاحت اور آرکیالوجی کے فروغ سے متعلق جاری اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔صدر پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر چوہدری محمد یاسین نے گلپور پل کے ڈیزائن کے حوالے سے بریفنگ طلب کی
جس پر ایکسییئن اشتیاق مغل نے بتایا کہ ایک ماہ کے اندر اس منصوبے پر عملی پیش رفت متوقع ہے اجلاس میں 25 کلو میٹر طویل رنگ روڈ منصوبے پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی اور اس کی ماسٹر پلاننگ کرنے کی ہدایت دی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ گرڈ اسٹیشنز اوور لوڈ ہو چکے ہیں جس پر واپڈا کی جانب سے اپ گریڈیشن کا عمل جاری ہے۔ وزرا کرام نے مختلف شعبوں سے متعلق سوالات اٹھائے اور متعلقہ محکموں سے وضاحتیں طلب کیں۔
محکمہ خوراک کی جانب سے اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ضلع میں آٹے کی وافر مقدار موجود ہے اور کسی قسم کی قلت نہیں۔
شہر میں پارکنگ کے مسئلے پر غور کرتے ہوئے یہ تجویز سامنے آئی کہ محکمہ خوراک کا گودام شہر سے باہر منتقل کیا جائے تاکہ شہری ٹریفک اور پارکنگ کے مسائل میں کمی لائی جا سکے۔
بلدیہ کے حوالے سے اجلاس میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کو ایک بڑا مسئلہ قرار دیا گیا۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ آزاد کشمیر میں جدید سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور ویسٹ ڈسپوزل سسٹم متعارف کرایا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر نے صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پر مبنی ایک جامع منصوبہ پیش کیا جس سے وزیراعظم نے اتفاق کیا اور ہدایت کی کہ دو ہفتوں کے اندر دوبارہ جائزہ لے کر تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔
تعلیم کے شعبے پر بات کرتے ہوئے اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلع میں 38 اسکول ایسے ہیں جن کی اپنی عمارتیں موجود نہیں۔ پانی کی قلت کے مسئلے پر بتایا گیا کہ اس حوالے سے ٹینڈرنگ کا عمل جاری ہے جبکہ 215 ملین روپے پانی کے منصوبوں کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔
شہری منصوبہ بندی کے حوالے سے ماسٹر پلان، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، پارکنگ اور اڈہ ایکشن پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ چوہدری محمد یسین نے میئر بلدیہ کو ہدایت کی کہ لاری اڈے کی بڈنگ کے عمل کو تیز کیا جائے جبکہ ڈپٹی کمشنر کو پارکنگ کے لیے تین سرکاری مقامات کی نشاندہی کر کے فوری ایکشن لینے کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس میں تجاوزات اور سیوریج کے مسائل پر بھی غور کیا گیا۔ وزیراعظم نے تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی واضح ہدایات جاری کیں جبکہ کمشنر نے بلڈنگ لاز میں تبدیلی کی تجویز پیش کی۔
کے ڈی اے کے تحت ریور گارڈن منصوبے اور ہاؤسنگ اسکیموں میں تجاوزات کے مسائل پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔صحت کے شعبے میں وزیراعظم نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں 50 بیڈز کے اضافےکا اعلان کیا۔
اس کے علاوہ ہوائی گراؤنڈ کے اطراف کی سڑکوں کے لیے دو کروڑ روپے کی سکیم لانے کی منظوری بھی دی گئی۔اجلاس کے اختتام پر وزیراعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اختیارات بروئے کار لاتے ہوئے عوامی بھلائی اور سہولت کے لئے عملی اقدامات شروع کریں،
تجاوزات کے خاتمے، سڑکوں کی بحالی اور شہری سہولیات کی بہتری کو ترجیح دی جائے تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔اجلاس کے اختتام پر وزرا کرام نے ڈپٹی کمشنر کی طرف سے تیار کی گئی بریفنگ کو سراہا۔
قبل ازیں وزیراعظم ڈی سی آفس پہنچے تو پولیس کے چاک و چوبند دستے نے انھیں سلامی دی۔

Comments are closed.