لطیف اکبرسےسینئر لیبر پارلیمنٹیرین عمران حسین کی ملاقات

چوہدری لطیف اکبر سےپاکستانی نژاد سینئر لیبر پارلیمنٹیرین عمران حسین کی سربراہی میں بین الاقوامی رفاہی تنظیم “Orphans in Need” کے وفد کی ملاقات

 

مظفرآباد(کشمیر ایکسپریس نیوز) قائمقام صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر چوہدری لطیف اکبر سےپاکستانی نژاد سینئر لیبر پارلیمنٹیرین عمران حسین کی سربراہی میں بین الاقوامی رفاہی تنظیم “Orphans in Need” کے وفد نے منگل کے روز ایوان صدر میں ملاقات کی۔

 

وفد میں برطانیہ میں آرفنز ان نیڈ کے ہیڈ الطاف حسین، مزمل خان مزمل اور کنٹری ہیڈ پاکستان محمد فیصل اسحاق و دیگر شامل تھے۔

 

قائمقام صدر آزادکشمیر چوہدری لطیف اکبر نے ریاستی سطح پر آرفنز ان نیڈ کے کاموں کو سراہا اور وفد کو حکومتی سطح پر مکمل تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرتے ہوئے کہا کہ آرفن ان نیڈآزاد کشمیر میں اپنے دائرہ کو وسیع کرکے زیادہ سے زیادہ تعلیمی ادارے قائم کرے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق بچے مستفید ہو سکیں۔

 

اس موقع پر پاکستانی نژاد سینئر لیبر پارلیمنٹیرین عمران حسین نے قائمقام صدر آزاد کشمیر چوہدری لطیف اکبر کو رفاہی تنظیم کے تحت قومی و ریاستی سطح پر کی جانے والے فلاحی سرگرمیوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آرفنز اِن نیڈ کی پاکستان میں انسانی ہمدردی کی مہم قومی و ریاستی سطح پر جاری ہے۔

 

اس سلسلے میں پاکستان بھر میں 1,100 کفالت یافتہ یتیم بچوں کے لیے ادارے کی مسلسل معاونت کو اجاگر کیا جارہا ہے۔ مہم کے دوران اورفنز اِن نیڈ 2,000 خاندانوں میں امداد تقسیم کرے گا جس سے تقریباً 10,000 افراد مستفید ہوں گے۔

 

سپانسر شپ پروگرام کا دائرہ کار بڑھانے کیلئے کیس اسٹڈی دورے، شراکت داروں سے ملاقاتیں بھی کی جائیں گی۔ قائمقام صدر آزاد کشمیر چوہدری لطیف اکبر کو بریفنگ میں بتایا گیا آرفنز اِن نیڈ کا قیام 2005 میں عمل میں آیا جس کا صدر دفتر بریڈفورڈ میں واقع ہے۔

 

ادارہ 14 ممالک میں خدمات انجام دے رہا ہے اور تعلیم، صحت، غذائی تحفظ اور رہائش کے پروگراموں کے ذریعے دنیا بھر میں 120,000 سے زائد یتیم بچوں اور بیواؤں کی معاونت کر رہا ہے۔ 2025 میں، ادارے نے پاکستان میں 14,630 افراد کی مدد کی۔

Comments are closed.