چھ ماہ میں تاریخی کارکردگی، ایکشن کمیٹی معاہدے پر مکمل عملدرآمد، ہیلتھ کارڈ جاری، بنک شیڈول فائنل
وزیر اعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کا کشمیر ایکسپریس کے مرکزی دفتر کا دورہ،شاندار استقبال
اسلام آباد (کشمیر ایکسپریس نیوز)وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ ان کی حکومت نے صرف چھ ماہ میں ایسی تاریخی کارکردگی دکھائی ہے جو ماضی کی کئی حکومتیں برسوں میں بھی نہ دکھا سکیں۔
انہوں نے واضح اور دوٹوک انداز میں کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ کیے گئے معاہدے پر عملی طور پر عملدرآمد شروع ہو چکا ہے اور اہم شقوں پر مکمل پیش رفت کی جا چکی ہے، جبکہ باقی شقوں پر بھی مقررہ ٹائم لائن کے مطابق کام تیزی سے جاری ہے
کشمیر ایکسپریس کے مرکزی دفتر کے دورے کے موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہیلتھ کارڈ کا باقاعدہ اجرا کر دیا گیا ہے، جس سے ہزاروں خاندانوں کو معیاری اور مہنگے علاج کی سہولت میسر آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ بنک شیڈول سے متعلق فیصلے بھی فائنل کر دیے گئے ہیں تاکہ مالی نظام میں شفافیت، سہولت اور نظم و ضبط کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزیر اعظم نے ان عناصر کو کھلے الفاظ میں آڑے ہاتھوں لیا جو ایکشن کمیٹی معاہدے پر عملدرآمد کے حوالے سے شکوک و شبہات پیدا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ محض سیاسی پوائنٹ اسکورنگ ہے، حکومت محض اعلانات پر نہیں بلکہ عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے، اور جو لوگ یہ کہہ رہے ہیں کہ معاہدے پر عملدرآمد نہیں ہوا، وہ حقائق سے نظریں چرا رہے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کسی دباؤ میں آئے بغیر عوام سے کیے گئے تمام وعدے پورے کرے گی فیصل ممتاز راٹھور نے روزنامہ کشمیر ایکسپریس کی صحافتی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں آزاد، ذمہ دار اور مضبوط میڈیا جمہوریت کا محافظ ہے۔
انہوں نے چیف ایڈیٹر زاہد تبسم کو اے کے این ایس (AKNS) کا صدر منتخب ہونے پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ انتخاب صحافتی برادری کے اعتماد کا مظہر ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت اور میڈیا کے درمیان مضبوط اور باہمی احترام پر مبنی تعلق عوامی مسائل کے حل میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے، اور ان کی حکومت صحافی برادری کے جائز مسائل کے حل کے لیے بھی عملی اور مؤثر اقدامات کر رہی ہے
اس موقع پر معاون خصوصی وزیر اعظم عزادار شاہ کاظمی، سینئر صحافی و اینکر پرسن خواجہ عبدالمتین، سابق امیدوار اسمبلی ربنواز چوہدری، چیئرمین زکوٰۃ پونچھ ڈویژن سردار آفاق، رہنما پیپلز پارٹی گوہر لطیف سلہریا، دلاور بخاری، علی آفندی، سابق مشیر حکومت مرتضیٰ درانی، ملک راحیل، صاحبزادہ یونس، پی پی او آذان جاوید راٹھور، پریس سیکرٹری آصف راٹھور، جوائنٹ ایڈیٹر رازق بھٹی، سابق سیکرٹری کے جے ایف عقیل انجم، ڈپٹی ریزیڈنٹ ایڈیٹر عدنان عباسی، سیکرٹری اطلاعات کے جے ایف علی حسنین نقوی، سینئر صحافی و کالم نگار عابد ہاشمی، اینکر پرسن ماجد شریف، سیکرٹری مالیات اے کے این ایس اعجاز خان، سینئر صحافی اکرام کاشر، نیوز ایڈیٹر اقبال صمیم، باسط قریشی انچارج، شیخ وحید جنرل سیکرٹری میڈیا ورکرز آرگنائزیشن، کاشان زاہد، عطاءالرحمان عباسی، منیب مظہر، وحید اختر، کاشف، عاطف شاہ، شاہد شفیق اور شکیل اعوان بھی موجود تھے۔
وزیر اعظم نے ادارے کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ بھی کیا اور کشمیر ایکسپریس کے کردار کو آزاد کشمیر میں ذمہ دار صحافت کی ایک مضبوط مثال قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ آنے والے مہینوں میں حکومت مزید بڑے فیصلے، اصلاحات اور ریلیف پیکجز کے ذریعے عوام کو واضح فرق محسوس کروائے گی، اور کارکردگی ہی ان کی حکومت کی اصل پہچان ہوگی۔

Comments are closed.