میری ٹائم سیکیورٹی مشق سی گارڈ2026 کا کراچی میں آغاز
کراچی(کشمیر ایکسپریس نیوز) پاک بحریہ کے زیرِ اہتمام مشق سی گارڈ 2026 کی افتتاحی بریف کراچی میں منعقد ہوئی۔ کمانڈر کوسٹ، وائس ایڈمرل فیصل امین نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ سی گارڈ 2026 اس سلسلے کی تیسری مشق ہےجو 2 تا 9 فروری 2026 تک جاری رہے گی۔
یہ مشق پاک بحریہ کی جانب سے قومی سطح پر کی جانے والی ایک اہم کاوش ہے جس کے تحت بحری شعبے سے وابستہ مختلف اداروں بشمول شپنگ، ماہی گیری، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور نجی شعبے کی نمائندہ تنظیموں کو یکجا کر کے سمندر میں درپیش مختلف نوعیت کے چیلنجز کا مشترکہ مقابلہ کرنا ہے۔
مشق سی گارڈ کا مقصد میری ٹائم سیکٹر میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی کاوشوں کوہم آہنگ کرنا ہے تاکہ پاکستان اور اس سے ملحقہ سمندری حدود کا تحفظ اور سلامتی یقینی بنائی جا سکے۔
اس سرگرمی میں مختلف منظرناموں پر مبنی عملی مشقیں اور ٹیبل ٹاپ مباحثے شامل ہیں، جن کے ذریعے پاکستان کی ساحلی پٹی کی حفاظت کے طریقۂ کار کو جانچنے اور بہتر بنانے کی مشق کی جاتی ہے۔
مشق کی افتتاحی بریف کے دوران شرکاء کو جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر (JMICC) کے طریقۂ کار اور افادیت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
وائس ایڈمرل فیصل امین نے اس قومی سطح کی مشق کے انعقاد پر تمام اسٹیک ہولڈرز کی شرکت اور ان کی کاوشوں کوقابلِ تحسین قرار دیا اور قومی سطح پرمیری ٹائم سے متعلق آگاہی کو فروغ دینے میں میڈیا کے مؤثر کردار کو بھی سراہا۔
افتتاحی بریف میں پاک بحریہ کے افسران، سرکاری اداروں کی قیادت، نجی شعبے کی نمایاں شخصیات اور ماہی گیری کے شعبے سے وابستہ نمائندگان نے شرکت کی۔

Comments are closed.