پی ٹی آئی آزادکشمیرکا8فروری کواحتجاجی ریلیوں کااعلان

پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیرکا 8 فروری کو ریاست گیر احتجاجی ریلیوں کا اعلان

 

مظفرآباد(کشمیر ایکسپریس نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) آزاد کشمیر نے اعلان کیا ہے کہ تحریک انصاف اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کی کال پر 8 فروری 2026 کو آزاد کشمیر کے تمام حلقہ جات میں عمران خان کی رہائی، 8 فروری 2024 کے انتخابات کے نتائج کی چوری، آئین کی بحالی اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے بھرپور احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔

 

صدر پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر و سابق وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی نے تمام اسٹیک ہولڈرز، ممبران گورننگ باڈی، ڈویژنل صدور، ضلعی صدور، یوتھ ونگ، آئی ایس ایف آزاد کشمیر، خواتین ونگ، آئی ایل ایف حلقہ و تحصیل سمیت تمام تنظیموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے حلقہ جات میں بھرپور اور منظم احتجاجی مظاہرے منعقد کریں۔

 

سردار عبد القیوم نیازی کی زیرصدارت پاکستان تحریک انصاف مظفرآباد ڈویژن کا اعلیٰ سطحی اجلاس بھی منعقد ہواجس میں 8 فروری کے احتجاجی پروگرام کی حکمت عملی پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔

 

اجلاس میں سابق قائد حزب اختلاف خواجہ فاروق، سینئر نائب صدر میاں شفیق جھاگوی، جنرل سیکرٹری میر عتیق الرحمن، سیکرٹری اطلاعات اظہر گیلانی، مرکزی نائب صدر سید ذیشان حیدر کاظمی، ڈپٹی جنرل سیکرٹری انصر پیرزادہ، ڈویژنل صدر ملک انصر، خواجہ شفیق، ضلعی نیلم کے صدر میاں اخلاق الرسول اور دیگر سینئر قائدین نے شرکت کی۔

 

صدر جماعت کی ہدایات کے مطابق تمام متعلقہ سینیئر قیادت، اسٹیک ہولڈرز، ڈویژنل صدور و جنرل سیکرٹری صاحبان، ضلعی صدور و جنرل سیکرٹریز، آئی ایس ایف، یوتھ ونگ، خواتین ونگ، آئی ایل ایف، ٹریڈرز ونگ، لیبر ونگ اور تمام تنظیمی عہدیداران و سینئر کارکنان کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مجوزہ احتجاجی پروگرامز کے لیے نہ صرف بھرپور تیاری کریں بلکہ ایک منظم اور جاندار احتجاج یقینی بنائیں تاکہ 8 فروری کو ایک مضبوط احتجاج ریکارڈ کیا جا سکے۔

 

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےسردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ موجودہ حکومت اور ریاست کی فسطائی رویوں کی وجہ سے پاکستان میں عوام کے آئینی اور قانونی حقوق پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے اور ملک کے محبوب لیڈر عمران خان کو ناجائز طور پر پابند سلاسل رکھا گیا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ عمران خان کشمیری عوام کے سفیر ہیں اور آزاد کشمیر کے ہر کارکن اپنے لیڈر کی رہائی اور نظریہ حقیقی آزادی کے لیے ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کشمیری عوام کے واحد، بااعتماد اور جرات مند سفیر ہیں اور انہوں نے کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کو عالمی سطح پر اجاگر کیا ہے۔

 

تحریک انصاف آزاد کشمیر 8 فروری کو اپنے لیڈر کی رہائی، آئین کی بالادستی، مینڈیٹ کی واپسی اور جمہوریت کے تحفظ کے لیے بھرپور، منظم اور پرامن احتجاج کرے گی

 

سردار عبد القیوم نیازی نے زور دے کر کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکن ہر تحریک اور ہر کال پر لبیک کہتے ہیں اور آئندہ بھی پوری قوت کے ساتھ میدان میں اتریں گے، اور یہ جدوجہد عمران خان کی رہائی، آئین کی بحالی، مینڈیٹ کی واپسی اور جمہوریت کے تحفظ تک جاری رہے گی۔

Comments are closed.