فیصل راٹھورکی مفکرِ پاکستان علامہ اقبال کے مزار پر حاضری

وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے لاہور میں مفکرِ پاکستان حضرت علامہ محمد اقبال کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی

لاہور (کشمیر ایکسپریس نیوز)آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے لاہور میں مفکرِ پاکستان حضرت علامہ محمد اقبال کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ وزیراعظم نے شاعرِ مشرق کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی ۔

اس موقع پر خطیب بادشاہی مسجد نے ملک و قوم کی ترقی، استحکام اور کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعا کی۔اس موقع پر وزیر خوراک جاوید اقبال بڈھانوی ،آئی جی آزادکشمیر لیاقت علی ملک ترجمان وزیراعظم شوکت جاوید میر اور دیگر اعلی حکام بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

اس موقع پر وزیراعظم نے مزارِ اقبال پر موجود مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے اور علامہ اقبال کی فکری و نظریاتی خدمات کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ علامہ محمد اقبال برصغیر کے عظیم مفکر اور شاعر تھے جنہوں نے مسلمانوں کو ایک علیحدہ تشخص اور آزاد ریاست کا تصور دیا۔ ان کی فکر آج بھی امتِ مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ علامہ اقبال کی تعلیمات نوجوان نسل کے لیے امید، خودی اور بیداری کا پیغام ہیں۔ ان کے افکار نے برصغیر کے مسلمانوں میں آزادی کی تڑپ پیدا کی اور انہیں ایک مقصد کے تحت متحد کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج بھی ہمیں علامہ اقبال کے پیغام کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ پاکستان کو ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ ریاست بنایا جا سکے۔

بعد ازاں وزیراعظم مزارِ اقبال پر موجود سیکیورٹی و انتظامی عملے سے گھل مل گئے جنہوں نے وزیراعظم آزادکشمیر کو اپنے درمیان پا کر بہت خوشی محسوس کی اور ان کے ساتھ تصاویر بنواییں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.