تمبر کے ڈنڈوں سے پھولوں تک کا سفر،وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور پر اعتماد کا لاجواب منظر
سماہنی/کڈیالہ (کشمیر ایکسپریس نیوز)وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیرفیصل ممتازراٹھورنے کہاہے کہ شہیدوں اور غازیوں کی سرزمین پر کھڑے ہوکر بھارت کوپیغام دیناچاہتاہوں کہ اگراس نے کسی بھی قسم کی جارحیت کی جرات کی تو اسے معرکہ حق اور اپریشن بنیان مرصوص سے بڑھ کرعبرتناک شکست دی جائے گی۔انھوں نے کہاکہ ہندوستان نے مئی 2025 میں آزادکشمیر اور پاکستان پرجارحیت کرکے شب خون مارنے کی کوشش کی لیکن ہماری مسلح افواج کے سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج پاکستان نے دندان شکن جواب دیااور دشمن کوعبرت ناک شکست سے دوچارکیا۔انھوں نے کہاکہ بنیان مرصوص سے پاکستان کی ناقابل تسخیردفاعی حیثیت کادنیااعتراف کررہی ہے جس کے باعث پاکستان بین الاقوامی معاملات میں ثالثی کاکرداراداکررہاہے۔اہلیان سماہنی نے میراتاریخی استقبال کرکے ثابت کردیاکہ اس حلقہ انتخاب کاواحد لیڈر چوہدری علی شان سونی ہے جس کے ساتھ حلقہ کی ساری عوام چٹان کی طرح کھڑی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں وزیر حکومت چوہدری علی شان سونی کی طرف سے کڈیالہ میں بہت بڑے استقبالی اجتماع سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا،اجتماع کی صدارت سابق وزیر اعظم سردار تنویر الیاس نے کی جبکہ تقریب میں وزیر اطلاعات و اوقاف مذہبی امور چوہدری محمد رفیق نیئر، وزیر کشمیر کاز، آرٹس لینگویجزماحولیات محترمہ نبیلہ ایوب، ایڈووکیٹ جنرل راجہ ندیم خان،میجر(ر) راجہ خضر الرحمان، راجہ خوشنود اعظم خان، ڈی جی پولیٹیکل آفئیرز عامر ذیشان جرال،سابق مشیر افتخار رشید،جنید پرویز،چوہدری اصغرسمیت حلقہ سماہنی کی تمام یونین کونسلز کے ہزاروں افراد بھی موجود تھے۔
جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیرفیصل ممتازراٹھور نے کہاکہ میں سماہنی کاپہلے دورہ کرناچاہتا تھالیکن کسی مصروفیت کے باعث یہاں لیٹ آیاہوں لیکن عوام نے جس طرح والہانہ استقبال کیاہے اس سے آزادکشمیر بھرمیں پیپلزپارٹی اور حکومت پرعوام کی طرف سے اعتماد کی لازوال مثال ہے جس پرمیں اہلیان سماہنی کااوروزیرحکومت چوہدری علی شان سونی کاشکرگزارہوں۔ انھوں نے کہاکہ ہم نے اقتدار اپنے لیے نہیں بلکہ عوام کی خدمت اور ان کے اعتماد کی بحالی کے لیے لیاجس پرہم بھرپورطریقے سے کامیاب ہوئے۔ انھوں نے کہاکہ میرے مختصردورمیں آزادکشمیرمیں ایک بہت بڑا تعلیمی پیکج منظورہواآزادکشمیرمیں سڑکات کے جال بچھائے جارہے ہیں،تعمیروترقی زمین پرہوتی نظرآرہی ہے اور عوامی اجتماعات میں عوام الناس کاجوش وخروش بھی مثالی ہے انھوں نے کہاکہ ماضی میں عوام سے کی جانے والی زیادتیوں کاازالہ ہم نے کیاہے اور ان کے جائز مسائل اسمبلی میں حل کیے ہیں۔ پیپلزپارٹی نام ہی خدمت کاہے جب بھی پیپلزپارٹی اقتدارمیں آئی اس نے عوامی خدمت، ملک کی سلامتی،دفاع اورترقی کے لیے مثالی اقدامات اٹھائے۔انھوں نے کہاکہ حلقہ سماہنی سیز فائرلائن پرہے اس حلقہ کے عوام کی جملہ مسائل ضروریات اور خواہشات ترجیح بنیادوں پرپوری کی جائیں گی۔ چوہدری علی شان سونی،راجہ خوشنود اعظم،میجر(ر) حضرالرحمان جوبھی سفارشات لائیں گے اس پراعلان نہیں من وعن عملدرآمد کیاجائے گا۔
جلسہ سے آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اہلیان سماہنی نے وزیراعظم کا والہانہ پرتپاک استقبال کرکے ثابت کردیا ہے کہ سماہنی کا حلقہ واقعی پیپلز پارٹی کا گڑھ ہے یہ حلقہ ایل او سی پر بسنے والے لوگوں کا حلقہ ہے جو ہمیشہ بہادری اور دلیری کے ساتھ دشمن کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر مقابلہ کرتے ہیں میں ان غیور لوگوں کو سلام پیش کرتا ہوں جنھوں نے وزیراعظم کے دورہ کے دوران ہرجگہ والہانہ استقبال کیے،انھوں نے کہاکہ حلقہ کے ممبراسمبلی و وزیر چوہدری علی شان سونی سماہنی کے شیر نہیں بلکہ ضلع بھمبرکے شیر ہیں جنھوں تین الیکشن آزادحیثیت سے جیتے،میرے دورحکومت میں یہ واحد ممبر اسمبلی تھے جوہر مشکل میں میرے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے رہے اس حوالے سے میں ان کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں میرا ان کے ساتھ بھائیوں جیسا تعلق ہے،انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم فیصل ممتاز راٹھور نے اقتدار سنبھالنے کے بعد ریاست کی کایاپلٹ دی،مایوس لوگوں کی امنگوں کی ترجمانی کی اور عوامی اعتماد بحال کیا، انہوں نے کہا چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر نے کشمیر کی آزادی کے لئے دو ٹوک موقف اختیار کیا ہوا ہے معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص بھی تحریک آزادی کشمیر کی وجہ سے شروع ہوا جب بھارت نے آزاد کشمیر اور پاکستان کے علاقوں پر جارحانہ حملہ کیا تو اس کا جواب ہماری مسلح افواج نے پوری قوت سے جواب دیا اور پاکستان کا شملہ بلند کیا انہوں نے کہاکہ کشمیر پاکستان کا دفاعی حصار ہے اور کشمیری کسی بھی لمحہ اپنی مسلح افواج پاکستان اور وطن کے دفاع کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ ہماراتن من دھن پاکستان کے لیے ہے۔
جلسہ سے وزیرزراعت لائیوسٹاک چوہدری علی شان سونی نے اپنے خطاب میں کہاکہ اہلیان سماہنی کاشکریہ اداکیا جنھوں نے وزیراعظم کے استقبال کے لیے وقت نکالااور بھرپور قوت کے ساتھ وزیراعظم کاوالہانہ استقبال کیا۔جس کامیں دلی طورپرشکر گزار ہوں، انہوں نے تحصیل ٹاؤن کمیٹی سماہنی کو میونسپل کمیٹی کا درجہ دینے کا مطالبہ کیا ہے سونا سے ڈنہ تک سڑک کی تعمیر کی منظوری،کڈیالہ ہائی سکول کوہائیر سیکنڈری سکول کو درجہ دیا جائے، کھمباہ بجلی کا کنڈیکٹر تبدیل،جنڈی چونترہ میں مسجد کے لئے جگہ دینے،جنڈی چونترہ،کڈیالہ چوکی17 کلومیٹرروڈ کومین شاہراہ کے طورپرتعمیرکرنے،کڈیالہ سپورٹس گراؤنڈ کے مطالبات کیے۔انہوں نے عوام الناس، پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا سے وابستہ صحافیوں اور کارکنوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے تقریبات میں بھرپورشرکت کی اور محبت کا اظہار کیا۔
